لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے گئےپانی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا کردی ۔
پنجاب اور سندھ کے کئی علاقے زیر آب آگئے ہیں جس کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پنجاب میں گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، نارووال، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، اوکاڑہ اور پاکپتن کے اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
مقامی آبادی کا انخلا
پنجاب کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 45 ہزار سے زائد افراد کا انخلاء کیا گیا۔ صوبے کے 30 اضلاع میں 9500 سے زائد افراد کی ٹرانسپورٹیشن کے عمل میں 669 کشتیاں اور 2861 ریسکیورز شریک رہے۔
منڈی بہاؤالدین کے علاقے کالا شیدیاں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 816 افراد اور حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں سے 625 افراد کو نکالا گیا۔ننکانہ صاحب میں سیلابی پانی میں گھرے 1553 افراد کو بھی ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ان آپریشنز میں 568 خواتین اور 318 بچے بھی شامل تھے جبکہ متاثرہ دیہاتوں سے 2392 مویشیوں کو بھی بحفاظت منتقل کیا گیا۔ ننکانہ صاحب میں جاری ریسکیو آپریشن میں 14 کشتیاں، 93 ورکرز اور 122 رضاکار شامل تھے، جنہوں نے دن رات محنت کر کے متاثرین کو محفوظ مقامات تک پہنچایا۔
Punjab is drowning in floods, but where is the CM? Where is the media? Our people are suffering in silence while those in power stay absent. #PunjabFloods #FloodReliefNow pic.twitter.com/BEcCwA0zva
— Hassan Ali Gondal (@hassangondalppp) August 27, 2025
شاہدرہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 15 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے، علاقہ زیر آب آنے سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
لودھراں میں فوج طلب، ریلیف آپریشن جاری
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لودھراں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے پاک فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اس سے قبل لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی فوج تعینات کی جا چکی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاک فوج کے دستے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کاموں اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے جس میں ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکار 24 گھنٹے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
بہاولپور اور وہاڑی میں بند ٹوٹنے سے تباہی
دریائے ستلج میں وہاڑی کے قریب لڈن کے مقام پر موضع نون کا بند ٹوٹنے سے درجنوں دیہات ڈوب گئے۔
اسی طرح بہاولپور میں یوسف والا اور احمد والا کے عارضی بند بھی ٹوٹ گئے جس کے نتیجے میں بستی احمد بخش اور قریبی آبادیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر:طوفانی بارشیں، طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ ، خطرناک انتباہ جاری




