ہلال احمر بھی میدان میں آگیا، امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں،امداد ی کام جاری

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)ہلال احمر پاکستان ملک کے مختلف حصوں میں جاری مون سون بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں سرگرم ہے۔

چیئرپرسن فرزانہ نائیک کی ہدایت پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہیں۔

فرزانہ نائیک نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان کی ٹیمیں حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے بروقت امداد پہنچا رہی ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ ہم نے ہنگامی طور پر اپنی ٹیموں کو الرٹ رکھا ہے تاکہ کسی بھی آفت زدہ علاقے میں فوری امدادی کارروائی کی جا سکے۔”

حالیہ سیلابی تباہیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیکرٹری جنرل محمد عبید اللہ خان کی زیر صدارت نیشنل ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کی بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ خیبر پختونخوا، ضم شدہ اضلاع اور گلگت بلتستان کی صوبائی شاخوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

ہلال احمر پاکستان کی بروقت ریسپانس کو انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (IFRC) کے سیکرٹری جنرل جگن چپاگین، ایشیاء پیسفک ریجنل ڈائریکٹر الیگزینڈر میتھیو اور نیدرلینڈز ریڈ کراس نے بھی سراہا اور اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

ہلال احمر پاکستان اپنی صوبائی شاخوں اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر امدادی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ متاثرہ عوام کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں پہلا مونکی پوکس کیس سامنے آگیا،مریض پمز ہسپتال منتقل

Scroll to Top