منگ / سدھنوتی: وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی طرف سے انسٹال کی گئیں سولر سٹریٹ لائٹس کا افتتاح کیا جہاں خطاب میں وزیراعظم نےا نکشاف کیا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ وہ آئندہ الیکشن لڑیں گے کہ نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کوئی مقبول بیانیہ اگر اسلام اور اکابرین کے نظریہ سے متصادم ہو گا تو اسے مسترد کیا جائے گا۔
پونچھ کی دھرتی بانجھ نہیں ہے یہاں سے لوگوں کو سیاست سیکھنی چاہیے ، یہاں کے لوگ ذہنی اور شعوری طور پر بہت آگے ہیں ۔وزیراعظم کا نواب جسی خان یادگار بنانے کا اعلان ، منگ تھوراڑ شاہراہ کی تعمیر اور پلندری تراڑکھل شاہراہ کی تعمیر کا نوٹیفکیشن ساتھ لایا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چھتروڑی بانڈی پل کی تعمیر کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں ،آج جو آزادی کا سانس لے رہے ہیں وہ انہی ہمارے اکابرین کی وجہ سے ممکن ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: آئین کیساتھ کھلواڑ کرنیوالا ریاست کا دشمن،حقوق کے نام پرانتشار کی اجازت کسی کو نہیں، وزیراعظم انوارالحق
انتشاری نظریات سے بچنا ہے ، آج اطمینان قلب محسوس ہوا ہے کہ حالات کا ادراک سب کو ہو چکا ہے ، ہم سب نے بیانیے کے انتشار کو بیانیے کی قوت سے ناکام بنانا ہے ، آزادی کے نام پر دشنام تراشی کرنا کہاں کا انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ آوازیں اٹھیں کہ آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں کوئی فرق نہیں تو یہ اجتماعی خودکشی ہے ، آزادکشمیر کا یہ پرچم یہاں لہرا رہا ہے تو احساس ہورہا ہے کہ ہم آزاد ہیں،آزادی کی قیمت سرزمین فلسطین کے باسیوں سے پوچھیئے ۔
میری ماں میرے مرشد خانے نے مجھے کہا تھا کہ مخلوق کی خدمت کرو رائیگاں نہیں جاتی ، میں نے کسی کو ایک کلاس پانی کا نہیں پلایا لیکن پھر بھی ریاست کا وزیراعظم بن گیا۔
آزاد کشمیر کے تمام آئینی عہدوں پر فائز رہ چکا ہوں ، یقین نہیں میں الیکشن لڑوں گا کہ نہیں ، ہمیں اسلاف کے نظریہ سے وفا کرنی ہے ، مثبت اور منفی نظریات کے درمیان تفریق کرنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹائیں ڈھلکوٹ، وزیراعظم انوارالحق نے نئے پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا
انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل صاحب نے کہا کہ گورننس کے گیپس کو فوج اپنے خون سے بھر رہی ہے ، بعد از فکر معلوم ہوا کہ ہماری انتظامی کوتاہیوں کی قیمت کوئی اور ادا کرتا ہے ، اسلاف کے نظریہ سے کھلواڑ کی کسی کو کوئی اجازت نہیں دینگے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ حکومت نے 7 کروڑ فی حلقہ میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے مہیا کردیے ہیں ، علاقہ کی محرومی کا وقت ختم ہو گیا ہے ، پونچھ کی پسماندگی کا شکوہ اب نہیں رہیگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت سردار محمد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ منگ میں سردار ملی خان اور شمس خان جیسے جری لوگوں نے اپنی کھالیں کھنچوا دیں لیکن ڈوگرہ کے سامنے سر نہیں جھکایا ۔
سابق وزیر حکومت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آباؤاجداد کا مشن جاری رہے گا اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جدجہد جاری رہے گی ۔
شیخ الحدیث مولانا سعید یوسف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا 562 ریاستوں میں سے صرف ایک ریاست بچی ہے وہ ہمارے بزرگوں کی وجہ سے ہے،ہمارے بزرگوں نے جان کی قربانیاں دے کر یہ خطہ حاصل کیا ہے۔