ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر اور سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے ہٹیاں بالا، سینا دامن، چناری اور مضافاتی علاقوں میں حالیہ سیلاب اور آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے متاثرین سے براہِ راست ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ گھروں اور جائیدادوں کا معائنہ بھی کیا اور متاثرین کے دکھ درد میں شریک ہوئے۔
اس دورے میں پی ٹی آئی کے ضلعی سیکرٹری جنرل زین گیلانی ایڈووکیٹ، چیئرمین یونین کونسل سڑک چناری راجہ سجاد، آئی ایس ایف کنونئیر حمزہ میر، سٹی سیکرٹری اطلاعات ناصر اعوان، ڈپٹی کنونئیر ذوالقرنین کاظمی سمیت مقامی قیادت اور نوجوان کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے سید ذیشان حیدر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد نہایت ناکافی ہے، جو متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بالکل بھی کافی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مکمل ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے نقصان کا ازالہ کیا جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے، ندی نالوں کے اطراف تجاوزات ختم کی جائیں، جنگلات کے کٹاؤ کو روکا جائے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مربوط نظام قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور عوامی خدمت ہی ہماری اصل سیاست ہے۔ “ہم متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر فورم پر ان کے مسائل کو اجاگر کریں گے اور ان کے حق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے،” انہوں نے اپنے خطاب میں کہا۔
مقامی عوام نے سید ذیشان حیدر کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد نے متاثرین کے حوصلے بلند کیے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی کی قیادت متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور مسائل کے حل کے لئے عملی کردار ادا کرے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پرائیڈ آف پاکستان 2025 سید حسامُ الحسن گیلانی نے عوامی خدمت کی تاریخ رقم کردی