پختونخوا میں خیمے، ادویات، خوراک اور دیگر سامان فوری پہنچایا جائے، وزیراعظم شہبازکی ہدایت

اسلام آباد :وزیراعظم محمد شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، انہیں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تمام تر تعاون فراہم کرنے اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ بارشوں پر سیلاب کی صورتحال کے جائزہ کیلئے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم کو ملک کے بالائی حصوں میں کلاؤڈ برسٹ، فلیش فلڈز سے ہونے والے نقصانات اور ریسکیو و ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو اجلاس میں نقصانات کا جائزہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو و ریلیف آپریشن پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دریائوں کے نزدیک سے آبادی کو منتقل کرنیکا فیصلہ،متاثرین کو فوری معاوضے دیئے جائیں، وزیراعظم

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، انہیں ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تمام تر تعاون فراہم کرنے اور اس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نےچیئرمین این ڈی ایم اے کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت سے ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کیلئے رابطے مزید مربوط کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نےچیئرمین این ڈی ایم اے کو یہ بھی ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خوردونوش اور دیگر امدادی سامان فوری پہنچایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: دشمن نے پانی بند کیا تو وہ سبق سکھائیں گے وہ کانوں کو ہاتھ لگائے گا،شہبازشریف

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی ترجیحی بنیادوں پر امدادی سامان کو ٹرکوں کے ذریعے فوری بھیجا جائے۔

وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں و سیاحوں کو فوری محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے۔

وزیراعظم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیرِاعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی ٹیلی فون پر گفتگوکی ۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے وزیرِاعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبائی حکومت کی ریسکیو و ریلیف آپریشن میں ہر قسم کی معاونت کرے، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر قسم کی مدد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ادویات، خیمے اور اشیاء خورونوش بھیج رہی ہے،مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

Scroll to Top