راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے محکمہ شاہرات کی مبینہ ناانصافیوں اور بلات کی عدم ادائیگی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت کو 14 اگست تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے بلات 14 اگست سے پہلے ادا نہ کیے گئے تو ہم آزاد کشمیر بھر کے کنٹریکٹرز تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ کی جانب احتجاجی مارچ کریں گے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اگر 30 اگست تک تمام مالیاتی مسائل حل نہ کیے گئے تو ہم اپنے تمام جاری تعمیراتی منصوبے مکمل طور پر بند کر دیں گے۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محکمہ شاہرات میں کرپشن اور رشوت ستانی عام ہے حتیٰ کہ ایک چپڑاسی بھی رشوت لینے کے انتظار میں رہتا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ شاہرات نے کنٹریکٹرز کے جائز بلات طویل عرصے سے روکے ہوئے ہیں، جس سے تعمیراتی شعبہ مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر بلات کی ادائیگی کو یقینی بنائے اور محکمہ شاہرات میں جاری ناانصافیوں کا خاتمہ کرے، بصورت دیگر حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان




