لیپہ ویلی (کشمیر ڈیجیٹل،جی ایم بخاری سے)ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی محترمہ بینش جرال اور ایس پی سید عباس علی کی سربراہی میں لیپہ ویلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل طیب منظور کیانی سمیت جہلم ویلی انتظامیہ کے تمام محکموں کے افسران اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
کھلی کچہری میں عوام نے ایک ایک کر کے سڑکوں کی خستہ حالی، تعلیمی اداروں میں عملے کی کمی، ریسکیو 1122 کی سہولیات، کنٹرول لائن پر بنکروں کی ضرورت، پولیس اور ٹریفک عملے کی کمی سمیت مختلف مسائل اور ضروریات سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ تمام ضلعی افسران نے مسائل بغور سننے کے بعد ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کرائی۔
ڈپٹی کمشنر بینش جرال نے خطاب میں کہا کہ لیپہ کے عوام ذاتی مسائل کے بجائے اجتماعی مسائل کو ترجیح دیتے ہیں، جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو اعلیٰ حکام تک پہنچایا جائے گا۔
متاثرین کو معاوضہ جات کی ادائیگی، مکانوں کی چھتوں کے لیے چادروں کی فراہمی، مجاہدین گھڑی دوپٹہ میں قبرستان کے لیے زمین کی فراہمی، تعلیمی اداروں میں عملے کی کمی پوری کرنے اور ریسکیو 1122 کی گاڑیوں کی مرمت جیسے مسائل جلد حل کئے جائیں گے۔
ایس پی سید عباس علی نے کہا کہ پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کی کمی پوری کی جا رہی ہے، مزید عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ لیپہ تھانہ کی عمارت جلد تعمیر ہو گی جبکہ لیپہ میں خدمت مرکز قائم کر دیا گیا ہے، جہاں آن لائن خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ ہے اور غیر ضروری پھیری والے بند کیے جا رہے ہیں۔عوامِ لیپہ نے حکومت آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مقامی سطح پر کھلی کچہری منعقد کر کے مسائل سننے اور حل کی یقین دہانی کرائی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان




