مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیراعظم وبانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے دو سال پورے ہونے پر گزشتہ روز ملک بھر کی طرح آزادکشمیر میں بھی بھرپور احتجاج کیا گیا۔
ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد کی قیادت میں ایگروٹیک گرائونڈ سے عمران خان رہائی ریلی کا آغاز کیا گیا۔
تاہم پولیس کی بھاری نفری نے تحریک انصاف مظفرآباد کی ریلی کو سینٹرل پریس کلب کے سامنے آزادی چوک میں روک لیا۔
احتجاجی ریلی میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنمائوں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔آزادی چوک میں تحریک انصاف کے کارکنان نے عمران خان کی رہائی کیلئے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ریلی میں پی ٹی آئی قائدین میر عتیق،شفیق جھاگوی اور دیگر موجو تھے۔احتجاجی ریلی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ عمران خان حقیقی معنوں میں سفیر کشمیر ہیں جنہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی وکالت کا حق ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کو آج 2سال کا عرصہ مکمل ہوگیا ہے،عمران خان کو بے گناہ قید رکھا گیا ہے اور انہیں توڑنے کی سر توڑ کوشش کی جارہی ہے لیکن مرد آہن کے عزم کے سامنے جمہوریت اورعوام دشمن قوتیں بے بس ہیں۔
آج ساری کشمیری قوم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کررہی ہے،خان سے اظہار یکجہتی کے لیے ساری قوم تما م تر رکاوٹوں اور ہتھکنڈوں کے باوجود سراپااحتجاج ہے،۔۔
کشمیری قوم نے عمران خان کو آج کے پرامن احتجاج میں سفیر کشمیرکا خطاب دیا ہے۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ عمران خان مرد آہن ہیں جنہوں نے ریاستی جبر اور طاقت کے سامنے سر نہیں جھکایا اور حق پر ڈٹے ہوئے ہیں۔
تحریک انصاف کے کارکنان عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رکھیں گے۔کارکنان کا مطالبہ عمران خان کی رہائی ہے۔۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پرامن احتجاجی ریلی کو شہر میں جگہ جگہ روکنے کی کوشش کی گئی لیکن کارکنان تمام تر رکاوٹوں کو روندتے ہوئے آزادی چوک تک پہنچنے میں کامیاب رہے اور یہاں پولیس کی بھاری نفری نے ریلی کو روک رکھا ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا بھارت پر آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید ٹیرف لگانے کا اعلان