روس سے تیل کی خریداری، ٹرمپ کا بھارت پر عائد ٹیرف مزید بڑھانےکا اعلان

نیویارک (کشمیر ڈیجیٹل )روس سے تیل خریدنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر عائد ٹیرف مزید بڑھانے کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت نہ صرف بڑی مقدار میں روسی تیل خرید رہا ہے بلکہ اسے فروخت کرکے منافع بھی کما رہا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت کو کوئی پرواہ نہیں کہ یوکرین میں روسی فوج کے ہاتھوں کتنے لوگ مارے جارہے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے اب بھارت پر ٹیرف میں اور بھی اضافہ کرنے جارہا ہوں۔

گزشتہ روز بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک مشیر نے بھارت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ روس سے تیل خرید کر یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں اسے مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف اور ٹرمپ کے بااثر مشیروں میں شامل اسٹیفن ملر کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’صدر ٹرمپ نے بالکل واضح انداز میں کہا ہے کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ بھارت روسی تیل خرید کر اس جنگ کو جاری رکھنے میں مدد دے‘۔

فاکس نیوز کے پروگرام سنڈے مارننگ فیوچرز میں گفتگو کرتے ہوئے اسٹیفن ملر نے کہا کہ ’لوگ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ روسی تیل کی خریداری میں بھارت عملی طور پر چین کے برابر ہے۔ یہ ایک حیران کن حقیقت ہے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے روس سے اسحلہ اور توانائی خریدنے کے باعث بھارت پر 25 فیصد تجارتی ٹیرف اور اضافی پینلٹی کا اعلان کیا تھا۔ جواب میں بھارت نے امریکا سے ففتھ جنریشن ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا جیٹ خریدنے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی تھی۔

اس سے قبل ٹرمپ نے یہ دھمکی بھی دی تھی کہ روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائےگا۔

انہوں نے اس عمل کو انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے منافی قرار دیتے ہوئے اعلان کیاکہ اس صورت حال کے پیش نظر میں بھارت کی جانب سے امریکا کو ادا کیے جانے والے ٹیرف میں نمایاں اضافہ کروں گا۔

بیان کے آخر میں انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا ’آپ کی اس معاملے پر توجہ کا شکریہ‘۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کے باوجود بھارت نے اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی صدر نے گزشتہ ماہ 14 جولائی کو اعلان کیا تھا کہ روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائےگا۔ امریکا کی جانب سے اس وقت بھارت پر عائد کردہ ٹیرف 25 فیصد ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں: تصدیق کئے بغیر کوئی خبر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں،اللہ کے سامنے جوابدہ ہونا پڑےگا، امام کعبہ شیخ یاسر الدوسری

Scroll to Top