لاہور: اٹلس ہونڈا نے اپنی مقبول موٹر سائیکل سی جی 125 گولڈ ایڈیشن کا نیا اور دلکش انداز پاکستان میں پیش کر دیا ہے۔
یہ نیا گولڈ ایڈیشن سی جی 125کی کامیاب روایت کو مزید نکھارتے ہوئے شاندار ڈیزائن اور منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
یہ ایڈیشن 2 دلکش رنگوں میں دستیاب ہے، سیاہ رنگ پر سنہری جھلکیاں اور سرخ رنگ پر سنہری جھلکیاں جو اسے ایک چمکدار اور منفرد انداز عطا کرتی ہیں۔
موٹرسائیکل میں نمایاں تبدیلیوں میں ایندھن کے ٹینک اور سائیڈ کورز پر نایاب اسٹائلش اسٹیکرز، سنہری فرنٹ ایمبلم، سائلنسر کور اور اسپیڈومیٹر پر سنہری رنگ کی جھلکیاں شامل ہیں۔
شفاف انڈیکیٹرز سے نکلنے والی روشنی میں بھی سنہری رنگ جھلکتا ہے جو اسے مزید پُرکشش بناتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا الیکٹرک بائیکس 2 سال کی اقساط پر دینے کا اعلان
سی جی 125گولڈپاکستان میں اپنی مضبوطی، پائیداری اور بہترین ری سیل ویلیو کی وجہ سے ایک مقبول ترین انتخاب سمجھا جاتا ہے۔ یہ بائیک 4-اسٹروک OHV ایئر کولڈ انجن سے لیس ہے اور کک اسٹارٹ سسٹم رکھتی ہے۔
اس میں ٹیلی اسکوپک فرنٹ فورک سسپنشن نصب ہے جو توازن کے ساتھ ساتھ تیز رفتار میں مدد فراہم کرتا ہے۔
سی جی 125گولڈکی سب سے بڑی خوبی اس کی کم دیکھ بھال لاگت ہے۔ اس کے پرزے آسانی سے اور مناسب قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ مارکیٹ میں موجود سوزوکی اور یاماہا جیسے دیگر برانڈز کے مقابلے میں زیادہ معاشی آپشن ہے۔
حالیہ دنوں میں NEV ٹیکس کے نفاذ کے بعد ہونڈا نے اپنی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ہونڈا CG 125 گولڈ کی نئی قیمت اب 2لاکھ 96ہزار900روپے ہو گئی ہے، جس میں NEV لیوی کی مد میں 2,784 روپے اور سیلز ٹیکس کی مد میں 44ہزار866روپے کا اضافہ شامل ہے۔