آزادکشمیر: چار ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کیلئے بھاری’’ ہارڈ ایریا الاؤنس‘‘ منظور

مظفرآباد :محکمہ مالیات آزادکشمیر نے چار ہسپتالوں میں’’اے گریڈ‘‘ ہارڈ شپ پوسٹنگ کے زمرے میں آنے والے اسپیشلسٹ کیڈر کے ڈاکٹرزکیلئے خاطر خواہ خصوصی/ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔

محکمہ صحت کو بھیجے گئے خط کے مطابق ہر ماہر ڈاکٹر کو ان کی باقاعدہ تنخواہ کے علاوہ ماہانہ 3لاکھ روپے کا خصوصی الاؤنس دیا جائیگا۔

اس فیصلے کا اطلاق دور دراز علاقوں میں سخت حالات میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں پر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فضا خورشید کیس، ڈاکٹرز اور نرس گرفتار، ساتھیوں کی گرفتاری پر تمام ڈاکٹرز احتجاجاًمستعفی

خط میں کہا گیا کہ یہ الاؤنس محکمہ صحت عامہ کے منظور شدہ بجٹ سے فراہم کیا جائیگا اور اس کا مقصد ان غیر محفوظ، انتہائی ضرورت والے علاقوں میں طبی ماہرین کو راغب کرنا ہے۔

ہارڈ ایریا الاؤنس کے اہل ہسپتالوں میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نیلم، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کیل، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حویلی کہوٹہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال/RHC لیپہ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ نیلم، لیپہ اور حویلی کہوٹہ جیسے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹرز جانے سے کتراتے ہیں اب ڈاکٹرز کو بھاری الائونس ملنے پر لوگوں کو بہتر سہولیات ملنے کی توقع ہے۔

Scroll to Top