پی ٹی آئی جہلم ویلی کا اجلاس، 25 جولائی کو ورکرز کنونشن اور ممبرسازی مہم کا اعلان

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر جہلم ویلی کی ضلعی، تحصیل، سٹی، حلقہ اور ونگز کی تمام تنظیمات کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس گزشتہ روز ہٹیاں بالا میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے نائب صدر و امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر نے کی۔

اجلاس میں تنظیمی سرگرمیوں کو ازسرنو فعال کرنے، آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے اور موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ، 25 جولائی کو ہٹیاں بالا میں ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا، جس میں پارٹی کے نظریاتی کارکنان، نوجوان، خواتین اور تمام تنظیمی ونگز بھرپور شرکت کریں گے۔ ساتھ ہی تحریک انصاف جہلم ویلی میں تنظیم نو اور نئی ممبرسازی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی تاکہ پارٹی کو گراس روٹ لیول تک مستحکم بنایا جا سکے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جہلم ویلی کو سکیم مافیا، سیاسی بلیک میلروں، کرپٹ موروثی سیاستدانوں اور عوامی استحصال پر مبنی سیاسی کلچر سے پاک کیا جائے گا۔ تحریک انصاف ایک نظریاتی، شفاف اور عوام دوست قیادت کو سامنے لانے کے مشن پر کاربند ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان حیدر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہوئے 5 اگست کو آزادی کشمیر اور عمران خان کی رہائی کے لیے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک میں صف اول کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد صرف ایک سیاسی قیدی کی رہائی کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت کی بحالی، آئین و قانون کی حکمرانی اور ظلم و فسطائیت کے خاتمے کی جنگ ہے، جو فتح تک جاری رہے گی۔

اس اجلاس سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل انصر پیرزادہ، ڈویژنل نائب صدر آصف اقبال مغل، ضلعی صدر صاحبزادہ عمران، سٹی صدر و چیئرمین بلدیہ شیخ ممتاز، تحصیل چکار کے صدر عارف ڈار، حلقہ 6 کے صدر خطیب اللہ خان، حلقہ 7 کے صدر عامر چغتائی، کلیم عباس کاظمی، عامر روشن اعوان، آفتاب بخاری، مانی جگوال، حمزہ میر، ناصر اعوان، چن زیب کیانی، وقار شیخ، منصور بھٹی، ابرار بھٹی، نعیم شیخ، شوکت گھگڑ، قاری شرافت، عتیق شیخ، صداقت اعوان، سہیل عباسی، اینان مغل، ضمیر مغل، رضوان مغل، عمیر جگوال، اِبراہیم شیخ، نوید شیخ، عبید شیخ، مسعود شیخ اور وسیم ترین سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تمام مقررین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جہلم ویلی میں تحریک انصاف کو ایک فعال، عوامی، نظریاتی اور ناقابل تسخیر قوت بنایا جائے گا۔ کارکنان کو بھرپور تحرک کے ساتھ عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سردار عتیق کا حکومت سے پولیس کے مطالبات پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ

یہ اجلاس نہ صرف ایک تنظیمی سرگرمی تھا بلکہ اُن تمام قوتوں کے لیے ایک واضح پیغام تھا جو عوامی مینڈیٹ، آزادی اظہار اور جمہوری اقدار کو پامال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں نہ جھکی ہے، نہ بکنے والی ہے اور نہ رُکنے والی ہے۔

Scroll to Top