اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو غزہ کی پٹی سے نکالنا ان کی نسل کشی کے مترادف ہوگا۔
عرب ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی جاری رہنی چاہیے، غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے اخراجات اور مدت کا تخمینہ لگانا انتہائی مشکل ہے، سب سے اہم ٹاسک رفح سرحدی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کوغزہ سے نکالنےکی کوشش سے دوریاستی حل کا منصوبہ ناکام ہوجائےگا۔
دوسری جانب غزہ سے فلسطینیوں کی منتقلی کے امریکی صدر کے بیان پر مصری شہریوں نے رفح سرحدی کراسنگ کے قریب احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی دیگر ممالک میں زبردستی آبادکاری کے امریکی صدرکےبیان کومسترد کرتےہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل دوریاستی حل ہے، فلسطینی عوام کو اپنی ہی سرزمین سے نکالنے سے خطے میں مزید کشیدگی پھیلےگی۔