پاکستان نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ حملے اسرائیلی جارحیت کے تسلسل کا حصہ ہیں اور ان کے خطے پر مہلک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ حملے اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے تناظر میں کیے گئے ہیں جن پر پاکستان کو نہایت گہری تشویش ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ خطے میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کا خدشہ انتہائی سنگین ہے اور یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے خطے میں جاری غیر معمولی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو اس کے نہایت تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں جو صرف مشرق وسطیٰ تک محدود نہیں رہیں گے۔
پاکستان نے شہری جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام فریقین فوری طور پر جنگ بندی کریں۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ تمام اقوام کو بین الاقوامی قانون خصوصاً انسانی قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی حملے کے بعد ایران کا اسرائیل پر براہِ راست میزائل حملہ، خطے میں جنگ کی گھنٹیاں بجنے لگیں
بیان میں زور دیا گیا کہ موجودہ بحران کا واحد حل اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری ہے۔