مظفرآباد:سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدرنے کہا ہے کہ وزیراعظم آزادکشمیر نے غیر ریاستی شخص کو تحفظ دینے کے لیے غیر قانونی اقدام اٹھایا۔
ایک شخص کا باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہوچکا ،سیاسی مقاصد کیلئے کابینہ سے فیصلہ کروایا گیا،آج یہ خود ایسا کر رہے ہیں تو کل بھارت کے 35 اے ختم کرنے کے فیصلے پر کیسے تنقید کریں گے۔
سابق وزیرحکومت سید شوکت علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزادکشمیر کے آئین و قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔
وزیراعظم کے اس اقدام کے خلاف ہر آئینی وقانونی فورم پر جائیں گے،کل کو کوئی بھی آکر یہاں ملازم صدر وزیراعظم تک بھی بن سکتا ہے یہ راستہ کھولا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرسپورٹس عاصم شریف بٹ کی شہریت جعلی نکلی،شوکت شاہ کے ممبر اسمبلی بننے کا امکان
انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ نے گزشتہ روز قانون ساز اسمبلی کا تقدس پامال کرتے ہوئے سید شوکت شاہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سپیکر قانون ساز اسمبلی ایوان کا تقدس بحال کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
سابق وزیر حکومت سید شوکت علی شاہ نے کہا کہ کئی سالوں کے بعد عدالت کے فیصلے کی روشنی میں تحقیقات سے عاصم شریف بٹ کا سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہوا ۔
یہ بھی پڑھیں: شوکت شاہ نے جعلسازی سے نااہل کرایا،عاصم شریف بٹ، فیصلہ چیلنج کرنیکا اعلان
عاصم بٹ کوئی ایک دستاویز بھی ایسی نہیں پیش کرسکے جس سے وہ ریاستی شہری ثابت ہوں،کئی سال کی قانونی جنگ کے بعد ہونے والے فیصلے کے اوپر غیرقانونی طور پر رکاوٹ ڈالی گئی۔
یا درہے کہ وزیر حکومت کا سٹیٹ سبجیکٹ جعلی ثابت ہوچکا لیکن اس کے باوجود وہ وزیر حکومت ہیں۔