مظفر آباد:آزادکشمیر حکومت نے اگلے مالی سال میں تعلیمی پیکیج لانے کا اعلان کرتے ہوئے فنڈزمختص کردیئے ہیں،کئی سکول اپ گریڈ اور نئے ادارے بھی قائم کئے جائیں گے۔
وزیر خزانہ آزادکشمیرعبدالماجدخان نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کیلئے سکولز کی اپ گریڈیشن کے علاوہ نئے ادارہ جات کا قیام عمل میں لائے جانے کیلئے آئندہ مالی سال 2025-26 میں 2ارب 40کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن میں ادارہ جات کی اپ گریڈیشن اور اساتذہ کی کمی کو پُور ا کرنے کیلئے60کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔حکومت کے اس اقدام سے نظام تعلیم کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں طور پر بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر :صحت کارڈکب سے فعال ہوگا، کونسی سہولیات میسر ہونگی ؟ تفصیلات سامنے آگئیں
ادوروںکی اپ گریڈیشن،معیاری تعلیم تک محدود رسائی جیسے اہم مسائل کو حل کرنے اور دور دراز علاقوں کے طلباء کے لیے محدود تعلیمی مواقع کے مسئلہ کو حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی،آئی ٹی اورٹیوٹا کو ڈیپارٹمنٹس کا درجہ دینے کی تجویز ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ آزاد کشمیر میں ہائیر ایجوکیشن کی جامعات مالی خسارہ سے دوچار تھیں۔ ہائیر ایجوکیشن کی جامعات کے مالی خسارہ کو کم کرنے اور تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے رواں مالی سال2024-25 میں 94کروڑ 74لاکھ 44ہزار روپے اضافی فراہم کیے گئے ہیں۔
دو کیڈٹ کالجز کو خسارہ میں سے نکالنے کے لیے مطلوبہ گرانٹ فراہم کی گئی ہے۔