آزادکشمیر: نئے مالی سال کیلئے 3کھرب 10 ارب کا بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں مکمل

مظفرآباد( مسعود الرحمن عباسی سے)آزاد کشمیر اسمبلی میں مالی سال 2025-2026 کیلئے3کھرب 10 ارب روپے کا ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں ۔ جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025۔ 26 کے لیے غیر ترقیاتی بجٹ میں 65ارب کا اضافہ کیا گیا ہے۔رواں مالی سال میں اسکا تخمینہ دو سو بیس ارب روپے لگایا گیا تھا لیکن اس مد میں 196 ارب روپے خرچ کئے گئے۔

اگلے مالی سال میں پپنشن کیلئے 49ارب روپے رکھے گئے ہیں جو رواں مالی سال سے تین ارب روپے ذیادہ ہیں۔ رواں مالی سال میں پنشن کے لیے 43 ارب روپے رکھے گئے تھے لیکن اس مد میں 46 ارب روپے خرچ کئے گئے۔


اسی طرح سے اگلے مالی سال کیلئے تعلیم کے مد میں 53 ارب، گندم کی خریداری ، اسکے انسی ڈنٹل چارجز ، ترسیل اور پسوائی کیلئے 38 ارب روپے رکھے گئے ہیں جو رواں مالی سال سے 8ارب ذیادہ ہیں اگلے مالی سال کیلئے متفرق گرانٹ کی مد میں 31 ارب روپے سے ذیادہ رکھے گئے ہیں۔

اس مد میں رواں سال 5ارب 60کروڑ خرچ کیے گیے جبکہ اسکے لئے 21ارب روپے مختص کیے گیے تھے۔ اگلے مالی سال کے لیے انرجی اینڈ واٹر ریسورسز کی مد میں میں 13ارب رکھے گیے ہیں جبکہ رواں مالی سال میں اس مد میں 12ارب روپے خرچ ہوئے۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزادجموں و کشمیر کابینہ کا31 واں اجلاس وزیر اعظم سیکرٹریٹ مظفر آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر، وزرائے حکومت ، چیف سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری مالیات ، سیکرٹریز حکومت و دیگر نے شرکت کی۔ آزادجموں و کشمیر کابینہ نے اجلاس میں نظر ثانی ترقیاتی و غیر ترقیاتی میزانیہ 25-2024 اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی میزانیہ 26-2025 کے علاوہ فنانس بل 2025ء کی بھی منظوری دے دی ۔

اجلاس میں سیکرٹری مالیات نے نظر ثانی میزانیہ 25-2024 اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی میزانیہ 26-2025 کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ سیکرٹری ان لینڈ ریونیو نے فنانس بل 2025 کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام دوست بجٹ سے ہی محرومیوں کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔

موجودہ حکومت نے تعلیم و صحت کے شعبوں کی ترقی کو حکومتی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ کفایت شعاری کی پالیسی کو جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے مسائل کا ادراک ہے ،آمدہ بجٹ کی ترجیحات کا حقیقی مقصد عوام دوست پالیسیوں کو فروغ دینا ہے ، ترقیاتی پراجیکٹس کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ نظام سے خامیوں کا خاتمہ کیا ہے ، وسائل کو عوام کی فلاح کے لیے خرچ کیا ہے۔ تسلسل کے ساتھ بہتری کے لیے اقدامات اٹھاتے رہیں گےحکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھاتی رہے گی ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اداروں کی ترقی کو یقینی بنانا اور ان کو عصر حاضر کے مطابق وقت کے دھاروں کے ساتھ چلانا ہی ہماری مربوط حکمت عملی کا مرکزی نکتہ ہے، مساوی ترقی کے لیے برابری کی سطح پر فنڈز کی تقسیم کا عمل جاری رکھتے ہوئے پسماندگی کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھا تے رہیں گے۔

Scroll to Top