اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس آج شام 6 بجے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فریال تالپور کریں گی، جس میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی پارٹی کے ارکان شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ پریس کانفرنس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی یومِ اطفال، بھارتی قابض افواج کی کشمیری پچوں کیخلاف پرتشدد کارروائیاں جاری
جبکہ آزاد کشمیر میں پارٹی کے پارلیمانی امور، اپوزیشن کے کردار اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی تنظیم سازی، پارٹی کو مزید فعال بنانے اور دیگر اہم تنظیمی و سیاسی امور بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
اس موقع پر آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں مستقبل کے لائحہ عمل اور اہم فیصلوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پونچھ ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی کے مرکزی سینئر رہنماؤں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف اور نیئر حسین بخاری سمیت مرکزی قیادت کی اجلاس میں شرکت کا امکان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سیکرٹری برقیات آزاد کشمیرکی زیر صدارت کوٹلی میں محکمہ برقیات کا جائزہ اجلاس
آزاد کشمیر کی قیادت میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، میاں وحید، سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید، ضیاء القمر اور سردار یعقوب خان کی شرکت متوقع ہے۔
اسی طرح فرزانہ یعقوب اور ذروبیہ خورشید راجہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گی، جبکہ چوہدری یاسین ملک سے باہر ہونے کے باعث ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کر سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور کی زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں پارٹی کی آئندہ سیاسی سمت، پارلیمانی حکمت عملی اور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے سیاسی کردار کو مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم مشاورت متوقع ہے۔




