کوٹلی : ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میجرر ناصر رفیق نے ضلع بھر میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے لئے سب ڈویژنل مجسٹریٹس اور ٹریفک پولیس کوجامع ٹریفک منیجمنٹ پلان تیار کرتے ہوئے اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم دیا ہے
،ضلعی ہیڈکوارٹرز کے لئے تیار کیے جانے والے اس ٹریفک منیجمنٹ پلان کےماڈل پر تمام تحصیل ہا میں بھی عملدرآمد کیا جائے گا۔ منگل کے روز ٹریفک منیجمنٹ کے حوالےسے ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی عدیل احمد لنگڑیال،اے ڈی سی فیض عالم ،ایکسئین شاہرات اشتیاق مغل،اسسٹنٹ کمشنر سردار ولید انور ،ٹریفک انسپکٹر زیتون بی بی اور انفارمیشن آفیسر نے شرکت کی۔
اجلاس میں سٹی و بائی پاس روڈ پر نمایاں پیلی لائن یقینی بنانے،رولی کراس کے لئے خاص طور پر ٹریفک منیجمنٹ پلان پر غور و خوص کیا گیا اور یہاں پر تعلیمی اداروں میں چھٹی کے اوقات میں ٹریفک رش کو قابو میں رکھنے کے لئے ٹریفک کا بہاؤ کا رخ موڑنے ،”راؤنڈ اباوٹ “ بنانے سمیت مختلف اپشنز پر بھی مشاورت کی گئی۔ تجاوزات کو ہٹانے ،غیر رجسٹرڈ گاڑیوں ،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے،بازار میں صبح سات سے شام پانچ بجے تک لوڈڈ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی
،بازار میں دن بھر پارک کی گئی گاڑیوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے،بائی پاس روڈ پر اپنی پارکنگ کی سہولت نہ رکھنے والے سکولوں ،بیکریز و شادی ہالز کی تفصیل اکٹھی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میجر ر ناصر رفیق نے ایکسئین شاہرات کو ہدایت کی کہ سڑکوں پر پہلے سے لگی ییلو لائن کو نمایاں اور بغیر لائن والی سڑک پر ییلو لائن لگائی جائے ،انہوں ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ییلو لائن کے اندر جگہ صارفین کی سہولت کے لئے ہے دکاندار یا مالیاتی ادارے کا سٹاف پارکنگ کے لئے متبادل بندوبست کریں۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ سکولوں میں چھٹی کے اوقات کے دوران سکول ٹرانسپورٹ اور یونیورسٹی بسوں کے شیڈول و روٹس کو ری وزٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بائی پاس پر پارکنگ کی اپنی سہولت نہ رکھنے والے تعلیمی اداروں کی تفصیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مہیا کریں گے،ٹریفک منیجمنٹ کے لئے ٹریفک اہلکاروں پر مشتمل موٹر سائیکل اسکواڈ بنانے اور ٹریفک قانون کی خلاف کارروائی کے لئے ہیڈ کانسٹیبل کو متعلقہ گاڑی کی رجسٹریشن بک کرکے ایس ڈی ایم کی عدالت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک پولیس بغیر نمبر پلیٹ اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی بذریعہ ایس ڈی ایم کریں ۔ ٹریفک منیجمنٹ پلان پر عملدرآمد کی سپروژن ایس پی اور اے سی کریں گے ،ڈپٹی کمشنر نے ایکسئین محکمہ شاہرات کی توجہ سرساوہ روڈ پر جاری تجاوزات کے عمل کی طرف دلاتے ہوئے اسے روکنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے شہر میں پارکنگ کے لئے سرکاری جگہ کی دستیابی ،پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے سمیت مختلف اپشنز بھی پلان میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ اور ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بھی اپیل کی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے اور دوسرے شہریوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں۔