مظفرآباد (11 جون 2025) ضلعی انتظامیہ مظفرآباد کی جانب سے جاری کردہ تازہ نرخ نامے کے مطابق شہر میں مرغی کی مختلف اقسام کے سرکاری نرخ مقرر کیے گئے ہیں، تاہم وادی لیپہ میں ان نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے کے مطابق زندہ برائلر مرغی کا نرخ 390 روپے فی کلو، جبکہ برائلر گوشت کا نرخ 490 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس وادی لیپہ میں یہی چکن 520 سے 550 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ سرکاری نرخ اور اصل قیمت میں 130 روپے فی کلو کا نمایاں فرق موجود ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہول سیل ڈیلرز اور گوشت فروش من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں جبکہ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے کوئی نگرانی یا کارروائی نہیں کی جا رہی۔ عوام نے شکایت کی ہے کہ روزمرہ کی بنیادی ضرورت، یعنی چکن، کی قیمت میں اتنا بڑا فرق مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ، ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 24 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا!
شہریوں کا مطالبہ ہے کہ نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عوام نے چیف سیکرٹری، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مظفرآباد سے وادی لیپہ تک نرخوں میں یکسانیت پیدا کی جائے اور ہول سیل مارکیٹوں میں چیکنگ کے عمل کو مؤثر بنایا جائے تاکہ ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔