مظفرآباد:وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور فارورڈ بلاک کے اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں اراکین پارلیمان نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی قیادت پر مکمل اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آزادکشمیر کی عوام کے صحت سے متعلق مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے مالی سال میں صحت کارڈ کے اجراء کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔
پالیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر حکومت کی جانب سے صحت کارڈ کے اجراء کے فیصلہ کی مکمل تائید کرتے ہوئے شعبہ صحت سے متعلق اس اقدام کو تاریخ ساز قراردیا۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آمدہ بجٹ 2025کے حوالے سے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ تحریک آزادی کشمیرموجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں بیس کیمپ کی حکومت مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عاصم شریف بٹ غیر ریاستی ثابت،متنازعہ مسودے پردستخط نہیں کرینگے، کرنل وقار کا انکار،انوارکابینہ میں پھوٹ
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ حکومت ریاست میں تعمیر و ترقی سمیت میگا پراجیکٹس پر جاری کام کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔
اجلاس میں حالیہ آمدہ بجٹ 2025 میں تمام ترقیاتی فنڈز کی برابری کی بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کی جانب سے بھارت کے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے اشتعال انگیزی اقدامات کی شدید مذمت بھی کی گئی جبکہ مملکت خداداد پاکستان کے امن پسندانہ جوابی اقدامات کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
اجلاس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی منسوخی، ایل او سی پر بھارتی جارحیت سمیت ممکنہ چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے بھرپور عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔صحت سے جڑے مسائل کے حل کے لیے حکومت انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اتحادی حکومت کے تمام دوستوں کی مشاورت سے صحت کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ کی بدولت عام آدمی علاج معالجہ کی مفت سہولیات میسر آ سکیں گی۔
صحت جیسے بنیادی مسئلہ کے لیے عام آدمی کی مجبوریوں کا ادراک کرتے ہوئے اگلے مالی سال میں صحت کارڈ کی اجرائیگی یقینی بنائی جائے گی، اختیار کو مالک کی امانت سمجھ کر استعمال کرتا رہوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: انوارسرکار کادوسرے سال کیلئے 12 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کا دعویٰ جھوٹا نکلا
یاد رہے کہ گزشتہ سال بجٹ سے ایک روز قبل وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اپنےوسائل سے صحت کارڈ جاری کرنے کا اعلان کیاتھا۔
بجٹ کاپی میں ایک لائن شامل کی گئی کہ رواں مالی سال میں صحت کارڈ بحال کیا جائیگا لیکن صحت کارڈ کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی تھی۔
وزیراعظم آزادکشمیر، وزیر صحت نے کئی مرتبہ دعوے کئے کہ صحت کارڈ جلد بحال ہوگا لیکن سال میں صحت کارڈ نہیں بحال ہوسکا تھا ، اب حکومت نے اگلے مالی سال میں صحت کارڈ کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔




