کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) ممبر مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن بورڈ آف ریونیو مظفرآباد چوہدری شوکت علی نے آج ڈپٹی کمشنر آفس کوٹلی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مجموعی صورتِ حال، متاثرہ املاک / نقصانات اور ان سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
چوہدری شوکت علی نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں تحصیل سطح پر قائم ان کمیٹیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جنہیں نقصانات کی تفصیلی رپورٹس مرتب کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی تاکہ یہ رپورٹس بروقت حکام بالا تک پہنچائی جا سکیں۔
دورے کے دوران حالیہ شدید آندھی، طوفان اور بارش سے پیدا شدہ حالات، جانی و مالی نقصانات اور ان کے تدارک کے لیے جاری امدادی کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر تمام ریسکیو اور امدادی اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
چوہدری شوکت علی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کے ساتھ بروقت اظہارِ یکجہتی، امداد کی فراہمی اور ان کے مسائل کے ازالے کیلئے جاری کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمارے ہیں اور ان کے دکھ درد میں ضلعی و ریاستی مشینری مکمل طور پر شریک ہے۔آخر میں محکمہ مال کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن، آئی ٹی نظام کے نفاذ اور جدید خطوط پر اس کی تنظیم نو سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ریکارڈ کو محفوظ اور عام آدمی تک اس کی رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کوٹلی میجر (ر) ناصر رفیق نے شہریوں کے تحفظ، نقصانات کے ازالے اور عوامی ریلیف کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایاکہ تمام تر حکومتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ عوام تک فوری اور مؤثر امداد پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور جدید نظام کی جانب پیش رفت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، تاکہ موجودہ چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے اور ایک محفوظ، مربوط اور ترقی یافتہ کوٹلی کی بنیاد رکھی جا سکے۔




