بلوچستان کے کسان کا کارنامہ: نیویارک میں زیتون تیل کے عالمی مقابلے میں پاکستان کو اعزاز حاصل

امریکہ کے شہر نیویارک میں ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے زیتون کے تیل کے مقابلے میں بلوچستان کے ضلع لورالائی سے تعلق رکھنے والے کسان عبدالجبار کے باغ سے حاصل کردہ زیتون کے تیل کو عالمی سطح پر بہترین معیار کا تسلیم کیا گیا ہے۔

نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن میں دنیا بھر سے 1200 سے زائد برانڈز نے شرکت کی، جن میں لورالائی سے تعلق رکھنے والے برانڈ ‘لورالائی اولیوز’ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور ایوارڈ اپنے نام کیا۔

لورالائی اولیوز کے چیف ایگزیکٹیو شوکت رسول نے اس کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خواب تھا کہ پاکستان کو زیتون پیدا کرنے والے ممالک میں شامل کیا جائے، الحمدللہ ہم نے یہ خواب پورا کر کے دکھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لورالائی اولیوز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان میں بھی عالمی معیار کا زیتون کا تیل تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپین، اٹلی اور امریکہ جیسے بڑے زیتون پیدا کرنے والے ممالک کے درمیان مقابلے میں ایوارڈ حاصل کرنا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے قابلِ فخر کامیابی ہے۔

زیتون کے باغ کے مالک عبدالجبار کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق لورالائی میں واقع 30 ایکڑ پر مشتمل زیتون کے باغ سے گزشتہ سال 9 ہزار لیٹر سے زائد تیل حاصل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی سے محفوظ رہنے والے کیریئرز: بل گیٹس نے پیشگوئی کر دی!

زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلوچستان زیتون کے لیے ملک کا سب سے موزوں خطہ ہے۔ پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ کے سابق سربراہ اور وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ٹیکنیکل رکن ڈاکٹر خیر محمد کاکڑ کے مطابق بلوچستان میں پیدا ہونے والا زیتون کا ایکسٹرا ورجن تیل عالمی معیار پر پورا اترتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کے اس بین الاقوامی مقابلے میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد بلوچستان کے زیتون کے تیل کو عالمی سطح پر مزید پذیرائی حاصل ہو گی۔

Scroll to Top