پونچھ عمائدین کا امن اعلامیہ بھی مسترد، کالعدم ایکشن کمیٹی کا اصل ایجنڈا بے نقاب

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے زیرِ اہتمام پونچھ کے عمائدین کا ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام مکاتبِ فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی بااثر، معزز اور ذمہ دار شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر واضح کیا گیا کہ عوامی مسائل کا حل تصادم، تشدد اور محاذ آرائی نہیں بلکہ مذاکرات اور بات چیت میں ہے۔ اس حوالے سے ایک باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کو بڑا دھچکا ، صدر انجمن تاجران ناڑ راجہ اسرار کا لاتعقی کا اعلان

لیکن کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پونچھ کے عمائدین کی اس متفقہ اور سنجیدہ امن کوشش کو بھی مسترد کرکے اپنی ہٹ دھرمی کا ثبوت دے دیا۔

آخر یہ عناصر چاہتے کیا ہیں؟ جب معاشرے کے تمام ذمہ دار طبقات امن، مذاکرات اور مسائل کے حل کی بات کر رہے ہیں تو انہیں یہ راستہ کیوں قبول نہیں؟

حقیقت یہ ہے کہ ان عناصر کو نہ عوامی حقوق سے کوئی دلچسپی ہے، نہ عوام کی مشکلات سے کوئی سروکار اور نہ ہی ریاست کے امن و استحکام کی کوئی پرواہ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی سے مزید نرمی نہیں برتی جائیگی، اب کارروائی ہوگی، طلال چوہدری

عوامی حقوق کے نام پر انتشار پھیلانا، مذاکرات کی ہر کوشش کو سبوتاژ کرنا اور مسلح جتھوں کے ذریعے خوف و ہراس کی فضا برقرار رکھنا کسی صورت عوامی جدوجہد نہیں ہو سکتی۔

یہ فتنہ پرور عناصر ہر اس آواز کو رد کر رہے ہیں جو امن کی بات کرتی ہے، کیونکہ ان کا طرزِ عمل واضح کرتا ہے کہ انہیں مسائل کا حل نہیں بلکہ تصادم درکار ہے تاکہ اپنے بیرونی آقاوں کو خوش کر سکیں۔