school

پاکستان میں تعلیمی ادارے کل کھلیں گے،آزاد کشمیر میں چھٹیاں بڑھا دی گئیں

اسلام آباد ،مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد پنجاب میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے ایک سرکلر جاری کیا گیا۔

سکول ایجوکیشن اتھارٹی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کل 12 مئی بروز پیر سے کھلیں گے،سکول کھولنے کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری سکولوں پر ہوگا،دوسری جانب محکمہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے،صوبے بھر میں کالج اور یونیورسٹیاں کل 12 مئی کوکھلیں گی اور تمام تعلیمی بورڈ امتحانات دوبارہ شروع کریں گے۔

جاری سالانہ انٹرمیڈیٹ امتحانات بھی معمول کے مطابق کل ہوں گے جبکہ منسوخ کیے گئے پیپروں کے لیے نئی ڈیٹ شیٹ جاری کی جائے گی۔

آزاد کشمیر میں سکولوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث ایل او سی کے قریبی علاقوں میں کھلونا نما بم یااس طرح کی دوسری اشیاء ہوسکتی ہیں۔

حالیہ دنوں میں ایل او سی پر شدید گولہ باری ،فائرنگ اور ڈرونز اڑنے کے باعث امکان ہے کہ تعلیمی اداروں میں خطرناک اشیاء کی موجودگی ہوسکتی ہے جس سے طلبہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں کے فعال ہونے سے قبل مکمل سرچنگ کی جائے جس کے بعد دوبارہ تعلیمی ادارے کھولے جائیں گے،سرچنگ ہونے تک آزاد کشمیر میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔

 

Scroll to Top