بھارت فالس فلیگ آپریشن سے دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا، سردار قمرالزمان خان

باغ(کشمیر ڈیجیٹل) سردار قمرالزمان خان سابق وزیر حکومت آزادکشمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج 1948 ہے نہ 1971 کہ انڈیا جعلی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔۔ْ

پہلگام واقعہ ریاست کے اندر وقف املاک کے حوالے سے چلنے والی بڑی تحریک سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے جو کہ بھارت کے اندر ہی سے کی گئی ہے پاکستان اور پاکستانی اداروں کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

بھارتی حکومت اپنی نااہلی و نالائقی چھپانے اور سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی خاطر اس کا الزام پاکستان یا آزادکشمیر کے شہریوں پر لگا رہی ہے مگر آج کے ٹیکنالوجی کے دور میں اس طرح کے جھوٹے بیانیے بنانا اب ناممکن ہے۔۔

جس نوجوان جوڑے کے قتل کی بات کی جا رہی تھی وہ خود سامنے آ کر اپنا ویڈیو پیغام دے چکا ہے اسی طرح ایک مسلمان نوجوان کی بھی اس میں ہلاکت ہوئی ہے مگر ہندو توا سوچ اس واقعے کو مذہبی رنگ دے کر مسلمانوں کے خلاف ایک ڈرامہ رچانا چاہتی ہے جس پر اب کوئی یقین نہیں کرتا۔

سردار قمرالزمان خان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی کمان ایک بہادر، نڈر، جری، ویژنری اور پر عزم کمانڈر جنرل سید عاصم منیر کے ہاتھ میں ہے جس نے اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں کا مقابلہ کمال مہارت اور عقلمندی سے کیا ہے ایسے میں بھارت کسی قسم کے عسکری ایڈونچر کے حوالے سے سوچنے کی جرات بھی نہ کرے، ماضی میں بھی پاکستانی بری، بحری اور فضائی افواج نے بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے ہیں اور اب اس سے بھی کہیں زیادہ باصلاحیت اور پروفیشنل فورس موجود ہے

آزادکشمیر کا ہر پیر و جواں مسلح افواج پاکستان کی پشت پہ کھڑا ہے ضرورت پڑی تو ہم اگلے مورچوں اور محاذوں پر پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ موجود ہوں گے۔
آزادکشمیر کے گاؤں دیہاتوں اور شہروں کو بھارتی افواج کا قبرستان بنا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلے بھی جرات مندانہ ہیں

بھارت کے پانچ اقدام کا جواب سات اقدام سے دینا قومی غیرت اور وقار کی علامت ہے۔ ملکی سالمیت اور دفاع کے پوائنٹ پر ساری قوم ایک ہے اور اپنی مسلح افواج کی پشتی بان ہے۔

Scroll to Top