مظفرآباد( کشمیر ڈیجٹیل)پیر محمد مظہر سعید شاہ نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر راولاکوٹ دھرنے سے متعلق شیئر کی جانے والی ویڈیوز کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیوز حالیہ مذاکرات یا جاری سرگرمیوں سے متعلق نہیں، بلکہ تقریباً ڈھائی ماہ قبل دھرنے کے دوران کی جانے والی مذاکراتی اور مصالحتی کوششوں کی عکاس ہیں۔
وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شیئر کی گئی ویڈیوز پر تاریخیں واضح طور پر درج ہیں، پہلی ویڈیو 23 اگست 2026ء جبکہ تیسری ویڈیو 6 ستمبر 2026ء کی ہے۔ ان کے مطابق بعض افراد بغیر تحقیق کے ان ویڈیوز کو حالیہ واقعات سے منسوب کر رہے ہیں، جو درست نہیں۔
پیر محمد مظہر سعید شاہ کا کہنا تھا کہ دھرنے کے دوران ذمہ داران سے متعدد ملاقاتیں اور مذاکرات کئے گئے تاکہ معاملے کو پُرامن طریقے سے حل کیا جا سکے اور فریقین کے درمیان مفاہمت پیدا ہو۔ مذاکراتی عمل کی حساسیت اور بعض مصلحتوں کے پیش نظر ان کوششوں کو اُس وقت منظرِ عام پر نہیں لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :عوامی حقوق کے نام پر ریاست میں دہشتگردی،کالعدم ایکشن کمیٹی کا گھنائونا چہرہ بے نقاب
انہوں نے کہا کہ مسلسل اصرار اور بعض افراد کی جانب سے مذاکراتی کوششوں کی نفی کیے جانے کے بعد سابقہ کوششوں کو ریکارڈ پر لانے کیلئےویڈیوز شیئر کی گئی ہیں۔ ان کی اشاعت کا مقصد کسی فریق کو تاثر دینا، جاری عمل پر اثرانداز ہونا یا کسی کی دل آزاری کرنا نہیں، بلکہ ماضی کی کوششوں کا اصل پس منظر واضح کرنا ہے۔
پیر مظہر سعید شاہ نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کا پائیدار حل تصادم اور محاذ آرائی کے بجائے مکالمے، تحمل، باہمی احترام اور مذاکرات میں مضمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں بھی اسی اصول کے تحت اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی امن، مفاہمت اور عوامی مسائل کے پُرامن حل کیلئے اپنی استطاعت کے مطابق کوششیں جاری رکھیں گے۔
بیان میں سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی گئی ہے کہ ویڈیوز کو ان کے اصل پس منظر میں دیکھا جائے اور غیر ضروری بحث یا غلط فہمیوں سے گریز کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں :غازی شہزاد اور دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کیساتھ روابط؟ ہٹیاں بالا سے شہری کا بڑا مطالبہ
پیر محمد مظہر سعید شاہ نے برادرم عمر نذیر صاحب کے حالیہ بیان کے حوالے سے بھی کہا کہ اس معاملے پر تمام ثبوتوں کے ساتھ تفصیلی وضاحت سامنے لائی جائے گی۔
انہوں نے عمر نذیر سے گزارش کی کہ ویڈیوز پر درج تاریخوں اور ان کے ساتھ تحریر کردہ کیپشن کو مدنظر رکھتے ہوئے تبصرہ کیا جائے تاکہ غیر ضروری جذباتی ردعمل اور غلط فہمیوں سے بچا جا سکے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کیا بولنا ہے، یہ علم ہے؛ کب بولنا ہے، یہ حکمت ہے؛ اور کیسے بولنا ہے، یہ سلیقہ و فراست ہے۔




