پنجاب حکومت کا آزاد کشمیر کے طلبہ کیلئے بڑا تحفہ، لیپ ٹاپ کی کھیپ پہنچ گئی

مظفرآباد( کشمیر ڈیجٹیل )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سےکشمیر ی طلبہ کیلئے کیا گیا وعدہ عملی شکل اختیار کر گیا، پنجاب حکومت کے فراہم کردہ 5 ہزار لیپ ٹاپ مظفرآباد پہنچ گئے، جنہیں میرٹ کی بنیاد پر مستحق اور اہل طلبہ میں تقسیم کیا جائے گا۔

 اقدام کو آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کرنے اور ڈیجیٹل میدان میں آگے بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 پنجاب حکومت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے طلبہ کے لیے 5 ہزار لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے ہیں، جو مظفرآباد پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم یوتھ کروم بک اسکیم: ملک بھر کے 5 لاکھ طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم ، درخواست دینے کا طریقہ جاری

 لیپ ٹاپ کی تقسیم شفاف طریقہ کار اور مقررہ میرٹ کے تحت عمل میں لائی جائے گی تاکہ حقیقی معنوں میں مستحق اور تعلیمی قابلیت رکھنے والے طلبہ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

یہ اقدام آزاد کشمیر حکومت کے 100 روزہ پلان کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سہولیات تک بہتر رسائی فراہم کرنا ہے۔

 لیپ ٹاپ کی فراہمی سے طلبہ کو آن لائن تعلیم، تحقیق، جدید تعلیمی ذرائع اور مختلف ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انتخابی مہم کے دوران اپنے دورہ مظفرآباد کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :ہونہار طالبہ ایمن اعجاز کا اعزاز،گولڈ میڈل،لیپ ٹاپ، اڑھائی لاکھ کا چیک مل گیا

 پنجاب حکومت کی جانب سے اب 5 ہزار لیپ ٹاپ کی فراہمی اس وعدے کی تکمیل کی جانب اہم قدم ہے،تعلیمی حلقوں کے مطابق نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

بالخصوص ایسے خطے میں جہاں بہت سے طلبہ کو ڈیجیٹل وسائل تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، وہاں لیپ ٹاپ کی فراہمی تعلیمی سرگرمیوں میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

پنجاب حکومت کے اس اقدام کو آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی سہولت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ میرٹ پر تقسیم کے عمل سے اہل طلبہ کو آگے بڑھنے کے نئے مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔