مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادکشمیر نے لال چوک مظفرآباد میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب میں راولاکوٹ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ کی صورتحال کے اثرات پورے آزادکشمیر پر مرتب ہورہے ہیں۔
اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کی روشنی میں آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہیں۔ ہم ہر اس مطالبے پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں جو آئین اور قانون کے دائرے میں ہو۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی: دہشتگرد ایکشن کمیٹی کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد انتشاری گرفتار،کئی روپوش
راولاکوٹ دھرنے کے شرکاء مسلح جتھوں سے خود کو الگ کریں، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہی بات چیت ہو سکتی ہے۔
امن کے قیام کیلئے ضروری ہے کہ مسلح جتھوں کو سپیس نہ دیں۔ آپ اپنے آپ کو ان سے الگ بھی ظاہر کرتے ہیں اور سپیس بھی دیتے ہیں۔ ریاست کو آگے لے جانے کیلئے امن و استحکام بنیادی ضرورت ہے۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آپ کا مطالبہ سی ٹی سکین مشین تھا تو ہم کیتھ لیبز اور اسٹروک سینٹرز قائم کرنے جارہے ہیں۔ آپ نے سڑکوں کی تعمیر کی بات کی تو ہم کشمیر ایکسپریس اور سڑکوں کی بہتری کے منصوبے شروع کررہے ہیں۔
ہم نے نوجوانوں کیلئے روزگار اور خود روزگاری کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ہمارا مقصد اعلانات نہیں بلکہ منصوبہ بندی کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے۔ اعلانات کے انبار نہیں لگانے بلکہ عملی منصوبہ بندی کے ذریعے عوام کو نتائج دینے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 18 نومبر کو قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان، اسحاق ڈار اور مریم نواز شریف مظفرآباد آئے۔ 18 نومبر کے بعد سے سو دن تک عوام خود محسوس کریں گے کہ حکومت نے کیا اقدامات کیے اور کیا نتائج حاصل کئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عمرنذیر کشمیری کا دھرنے کی سکیورٹی پر مامور دہشتگردوں کی موجودگی کا اعتراف
صرف سڑکیں اور عمارتیں بنانا کافی نہیں، ریاست کے حقیقی مسائل کو سمجھ کر ان کا حل نکالنا ضروری ہے۔ معاشرے میں اخلاقی اقدار اور ایک دوسرے کے احترام کی روایات کو بحال کرنا ہوگا۔
اختلاف رائے کی آڑ میں ایک دوسرے کی بے توقیری ہماری معاشرتی روایات نہیں۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آئندہ سو روز میں متعدد منصوبے مکمل ہوں گے جبکہ کئی منصوبوں پر اس کے بعد بھی کام جاری رہے گا۔
عوامی منصوبوں کی پیش رفت اور تکمیل کے حوالے سے شہریوں کو اعتماد میں لیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ ریاست کا ہر نوجوان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو اور باعزت روزگار حاصل کرے۔
صحت، تعلیم، روزگار، سیاحت، ڈیجیٹل گورننس اور شہری ترقی کے ذریعے آزادکشمیر کو آگے لے کر جائیں گے۔ ہمارا مقصد ایک ایسا آزادکشمیر ہے جہاں عوام کو بنیادی سہولیات، نوجوانوں کو مواقع اور ہر شہری کو باعزت زندگی میسر ہو۔




