مظفرآباد، فوڈ اتھارٹی ان ایکشن،مضر صحت اشیاء فروخت کرنیوالوں کے گرد گھیرا تنگ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے عوام کو معیاری اور محفوظ اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے اور غیر معیاری خوراک کی ترسیل و فروخت روکنے کیلئے مختلف علاقوں میں انسپکشن اور چیکنگ کا سلسلہ تیز کر دیا۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کوہالہ انٹری پوائنٹ پر خصوصی ناکہ بندی کرکے آزاد کشمیر میں اشیائے خورونوش لانے والی گاڑیوں سمیت دیگر گاڑیوں کی چیکنگ کی۔

یہ بھی پڑھیں:اصلی وجعلی ادویات کی اب ہوگی فوری پہچان، وزیراعظم نے موبائل ایپ کا افتتاح کردیا

اس دوران اشیائے خورونوش کے معیار، ترسیل کے طریقہ کار اور حفظانِ صحت سے متعلق قانونی تقاضوں کا جائزہ لیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے چھتر کلاس اور ڈنہ کے علاقوں میں بھی مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور دکانوں پر فروخت ہونے والی اشیائے خورونوش کا معائنہ کیا۔

معائنے کے دوران خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی، اشیائے خورونوش کی تاریخِ تنسیخ اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ عوامی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،  ان اقدامات کا بنیادی مقصد غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خورونوش کی ترسیل و فروخت کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں شہری و دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے اہم داخلی راستوں پر بھی باقاعدگی سے چیکنگ اور معائنہ جاری رکھیں گی تاکہ خوراک کے معیار پر مؤثر نگرانی برقرار رکھی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم، فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن، مضر صحت اشیاء تلف، دکانداروں پر جرمانے

ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور آزاد جموں و کشمیر پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کے تحت خوراک کے کاروبار سے وابستہ تمام افراد مقررہ معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی کے مکلف ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی صحت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اشیائے خورونوش کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے انسپکشن اور مانیٹرنگ کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔