جتنا زیادہ سوئیں گے، خطرہ اتنا ہی بڑھے گا؟ دل کے مریضوں کیلئے اہم تحقیق سامنے آگئی

بیجنگ ( کشمیر ڈیجٹیل )کیا زیادہ سونا بھی جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے؟ دل کے مریضوں کے لیے ایک نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ 

تحقیق کے مطابق روزانہ نو یا اس سے زیادہ گھنٹے سونے والے دل کے مریضوں میں موت کا خطرہ معمول کے مطابق سات سے آٹھ گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہوسکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق نیند کی زیادتی محض آرام کی ضرورت نہیں بلکہ جسم میں چھپے کسی سنگین طبی مسئلے کا اشارہ بھی ہوسکتی ہے۔

چین اور جارجیا سدرن یونیورسٹی کے محققین کی 15 سالہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے امراض میں مبتلا ایسے افراد جو روزانہ نو یا اس سے زیادہ گھنٹے سوتے ہیں، ان میں تمام وجوہات سے موت کا خطرہ سات سے آٹھ گھنٹے سونے والوں کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کا رات گئے گڑھی دوپٹہ ہسپتال کا دورہ، طبی سہولیات اور عملے کی حاضری کا جائزہ

محققین کا کہنا ہے کہ زیادہ نیند لازمی طور پر کسی بیماری کی وجہ نہیں ہوتی بلکہ یہ پہلے سے موجود صحت کے مسائل کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق ڈپریشن، نیند کے دوران سانس لینے میں دشواری، جسم میں سوزش، جسمانی کمزوری، متعدد دائمی بیماریاں اور بعض ادویات کے اثرات طویل نیند کا سبب بن سکتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دل کے مریضوں میں ایسی علامات صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی نشاندہی کرسکتی ہیں، جنہیں معمول کے طبی معائنے میں نظرانداز کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ورزش سے دل پر کیا اثرات پڑتے ہیں؟تحقیق میں حیران انکشافات

محققین کے مطابق مریضوں سے ان کے روزانہ سونے کے دورانیے کے بارے میں پوچھنا ایک آسان اور کم خرچ طریقہ ہے، جس سے زیادہ خطرے والے افراد کی نشاندہی کرکے مزید طبی معائنہ کیا جاسکتا ہے۔تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ زیادہ نیند کو موت کی یقینی علامت نہیں سمجھنا چاہیے۔

 دل کے مریض کی نیند کے معمولات میں غیر معمولی تبدیلی آئے یا وہ مسلسل زیادہ سونے لگے تو اسے نظرانداز کرنے کے بجائے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔