واشنگٹن ( کشمیر ڈیجٹیل ) امریکہ کے بڑے بینکوں میں شمار ہونے والے جے پی مورگن چیس سے متعلق ایک تشویش ناک انکشاف سامنے آگیا ہے، جہاں ہیکرز نے بینک کے ساتھ کام کرنے والی تھرڈ پارٹی کمپنیوں کے نظام میں نقب لگا کر صارفین کی اہم معلومات تک رسائی حاصل کرلی۔
بینک نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ بعض صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے، تاہم صارفین کیلئے اطمینان کی بات یہ ہے کہ اس واقعے سے بینکنگ سروسز اور اکاؤنٹس کے روزمرہ معاملات متاثر نہیں ہوئے۔
جے پی مورگن چیس نے 19 نومبر کو پیش آنے والے سائبر حملے کے بارے میں باضابطہ آگاہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس کون سےبلاک کیے جائیں گے؟ صارفین کے لیے اہم خبر
بینک کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے براہ راست بینک کے مرکزی نظام کو نشانہ بنانے کے بجائے اس کے ساتھ منسلک تھرڈ پارٹی سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے سسٹمز میں رسائی حاصل کی، جہاں سے کچھ صارفین کی معلومات چوری ہونے کا خدشہ سامنے آیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثر ہونے والی معلومات میں صارفین کے نام اور ای میل ایڈریس شامل ہیں، تاہم بینک نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے صارفین کا ڈیٹا چوری ہوا اور آیا ہیکرز کسی مزید حساس معلومات تک بھی پہنچنے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔
بینک انتظامیہ کے مطابق جن صارفین کی معلومات متاثر ہوئی ہیں، ان سے براہ راست رابطہ کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں کریڈٹ مانیٹرنگ سمیت اضافی سکیورٹی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی مالیاتی سرگرمیوں اور کریڈٹ رپورٹ پر نظر رکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں :مالیاتی اداروں واہم تنصیبات پر سائبر حملوں کا خطرہ، ایڈوائزری جاری
16 نومبر کی خرابی اور 19 نومبر کا سائبر حملہ الگ واقعات قابل ذکر بات یہ ہے کہ 16 نومبر کو بھی جے پی مورگن کی آن لائن سروسز میں اچانک تعطل پیدا ہوگیا تھا۔
وقت بینک نے اسے تکنیکی خرابی قرار دیتے ہوئے سائبر حملے کے امکان کی تردید کی تھی، تاہم اب واضح کیا گیا ہے کہ 19 نومبر کو پیش آنے والا ہیکنگ کا واقعہ اس تکنیکی خرابی سے بالکل الگ تھا۔
جے پی مورگن نے واضح کیا ہے کہ اس واقعے سے بینکنگ نظام، اکاؤنٹس اور روزمرہ لین دین کی خدمات متاثر نہیں ہوئیں اور تمام سروسز معمول کے مطابق جاری ہیں۔




