پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی اجلاس، آزادحکومت کوٹف ٹائم دینے کافیصلہ

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) سیاسی امورآزادکشمیر کی انچارج فریال تالپور کی زیرصدارت گزشتہ رات اسلام آباد میں پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ 

پیپلزپارٹی آزادکشمیر پارلیمانی پارٹی کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی قیادت نے باہمی مشاورت سے متعدد اہم سیاسی اور تنظیمی فیصلے کئے ۔

شرکاء اجلاس نے مسلم لیگ (ن) کی مبینہ دھونس ، دھاندلی اور حکومتی طرزِ عمل کیخلاف بھرپور سیاسی اور پارلیمانی اپوزیشن کا کردار نبھانے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرجنگلات وقاراحمد نورچیئرمین میریٹوریئس سروسز ایکنالوجمنٹ کمیٹی مقرر

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ دھاندلی زدہ انتخابات میں الیکشن کمیشن اور مسلم لیگ ن کی پری پول ، دوران پول اور آفٹر پول دھاندلی کو چارج شیٹ کیا جائے اور وائیٹ پیپر تیار کیا جائے گا ۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام ارکانِ اسمبلی ، ٹکٹ ہولڈرز اور رہنما اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں اتحاد ، رابطوں اور مشاورت کا عمل تیز کرینگے۔

اجلاس میں رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری قاسم مجید کو پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ۔

چوہدری قاسم مجید پارلیمانی پارٹی ، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز ، عہدیداران سے باہمی رابطہ میں رہیں گے۔

اجلاس میں حلقہ نکیال میں حالیہ عام انتخاب میں پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے دیرینہ اور سرگرم کارکن مختار یونس شہید کے قتل کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ن لیگی مسلح افراد کے ہاتھوں مختار یونس کے قتل کو تین ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے ملزمان کی پشت پناہی کی جا رہی ہے اور گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے ۔

اس صورتحال پر شرکاء اجلاس نے شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھادیئے۔

شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مختار یونس کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ مقتول کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اس سنگین واقعے میں کسی قسم کی غفلت اور سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

اجلاس میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کے ذریعے معاملات کو یکسو کرنے اور خطہ میں فوری امن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔

تاکہ آزادکشمیر بالخصوص پونچھ کے عوام کے فوری مسائل کے حل اور رسل ورسائل سمیت معاشی ، سماجی اور سیاسی سرگرمیوں کو موثر بنایا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کو ایک اور جھٹکا، صدر انجمن تاجران چڑہوئی نے بھی لاتعلقی کا اعلان کردیا

اس مقصد کیلئے سردار امجد یوسف اور چوہدری قاسم مجید کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔فریال تالپور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی پارٹی  ہے جس کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی۔

اجلاس کے شرکاء نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا

اوراس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بنانے کیلئے تمام رہنما اور کارکن متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین، سابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور، ممبر کشمیر کونسل چوہدری لطیف اکبر، سابق صدرسردار محمد یعقوب خان ، چوہدری پرویز اشرف ، سردار جاوید ایوب ،جاوید اقبال بڈھانوی ،میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی، چوہدری قاسم مجید ، سردار ضیاء القمر ، چوہدری یاسر سلطان، عبدالماجد خان ، دیوان علی چغتائی ، ملک ظفر اقبال سردار مختار احمد عباسی ، فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید شریک ہوئے ۔

سردار امجد یوسف، سردار عابد حسین عابد ، سردار فہیم ربانی ، سردار سعود صادق اور سردار احمد صغیر، چوہدری محمد اخلاق ، محمد ولید انقلابی ، چوہدری صہیب ارشد ، شاہین کوثر ڈار اور عامر ذیشان جرال بھی اجلاس میں موجود تھے۔