مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) بھارتی گودی میڈیا کا آزادکشمیر میں جاری احتجاجی دھرنے کے حوالے سے ایک اور پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔
بھارتینشریاتی ادارےCNN-News18 کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں طلباء کے احتجاج کے حوالے سے جعلی ویڈیوز اور تصاویر نشر کردیں ۔
چینل نے دعویٰ کیا کہ کوٹلی، میرپور، راولاکوٹ اور دھیرکوٹ میں حکومت کیخلاف طلبہ کے احتجاج میں شدت آ رہی ہے جبکہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی بھی ان مظاہروں کی حمایت حاصل ہے۔
گودی میڈیا کےاس دعوے کی تائید میں پیش کی جانے والی ویڈیوز اور فوٹیجز کی صداقت پر سوالات اُٹھ گئے۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، بالخصوص میرپور، کوٹلی اور مظفرآباد میں معمولاتِ زندگی معمول کے مطابق جاری ہیں ،طلباء کا تعلیمی سیشن بھی جاری ہے ۔
مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام، بالخصوص نوجوان کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاجی دھرنے سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
جبکہآزادکشمیر کے نوجوان کی بڑی تعداد پاکستان کے مختلف قومی اداروں اور مسلح افواج میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بھارتی گودی میڈیا کی اس رپورٹنگ میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے حوالے سے منفی تاثر اجاگر کرنے کی ناکام کوشش کی گئی جس کا حقائق سے دور تک تعلق نہیں۔
ماہرین کے مطابق غیر مصدقہ ویڈیوز، ممکنہ طور پر مصنوعی ذہانت اے آئی سے تیار کردہ مناظر اور غیر مستند اطلاعات کو خبر کے طور پر پیش کرکے صحافتی اصولوں اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے تقاضوں کو پامال کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صحافتی اصولوں کے مطابق کسی بھی ویڈیو، احتجاج یا سیاسی سرگرمی سے متعلق خبر نشر کرنے سے قبل اس کے مقام، وقت اور ماخذ کی تصدیق ناگزیر ہے۔
آزادانہ تصدیق ناگزیر
آزاد کشمیر میں طلبہ کے احتجاج سے متعلق سی این این نیوز 18 کے دعوے متنازع ہیں، جبکہ مبینہ طور پر جعلی یا AI سے تیار کردہ فوٹیج کے الزامات بھی تاحال آزادانہ طور پر ثابت نہیں ہو سکے۔
صحافتی اعتبار سے ضروری ہے کہ ایسے دعوؤں کی تصدیق مقامی ذرائع، مستند ویڈیوز، عینی شاہدین اور متعلقہ حکام کے مؤقف کی روشنی میں کی جائے تاکہ عوام تک غیر جانب دار اور درست معلومات پہنچ سکیں۔




