میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ 2026ء جیت لیا۔
آزادکشمیر کیلئے بھی ایک اور بڑا اعزاز، آکاب سکول فار دی بلائنڈ میرپور کے کھلاڑی بھی فاتح قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔
سرپرست اعلیٰ آکاب سکول فار دی بلائنڈ پروفیسر محمد الیاس ایوب کی جانب سے قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی۔
پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کرکٹ فار دی بلائنڈ 2026ء جیت کر ایک اور بین الاقوامی اعزاز پاکستان کے نام کر لیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ریاستی تعمیر و ترقی،عوامی خوشحالی کے منصوبے مکمل کریں گے،وزیراعظم گیلانی
قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل، مثالی ٹیم ورک، غیر معمولی صلاحیتوں اور بلند حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔
اس تاریخی کامیابی میں آزاد کشمیر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ (آکاب) کے کھلاڑیوں نے جس میں پاکستان کی ٹیم کے کیپٹن اور تین کھلاڑیوں سمیت ہیڈ کوچ بھی قومی ٹیم کا حصہ بنے اور نمایاں کردار ادا کیا ۔
کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کیا، آزاد کشمیر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ (آکاب) کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر محمد الیاس ایوب نے ایشیا کپ جیتنے پر قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، بلائنڈ قومی ٹیم میں آزاد کشمیر کے کھلاڑیوں کی شرکت اور اس تاریخی فتح میں آکاب سکول فار دی بلائنڈ کا حصہ آزاد کشمیر کیلئے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے۔
آکاب سکول فار دی بلائنڈ کے سرپرست اعلی پروفیسر محمد الیاس ایوب نے کہا کہ آکاب کے کھلاڑیوں نے اپنی محنت، لگن، عزم و حوصلے اور غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان کا نام بھی دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔
یہ کامیابی اس حقیقت کا عملی ثبوت ہے کہ بصارت سے محرومی صلاحیتوں اور کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی بلکہ بلند حوصلے، مسلسل محنت اور عزم سے بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے قومی ٹیم اور بالخصوص آکاب کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پاکستان کے لیے بھی بین الاقوامی اعزازات حاصل کرینگے اور ملک و ملت کی نیک نامی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔




