ارجنٹائن : فٹبال میچ کے دوران بال سر پرلگنے سے کھلاڑی ہلاک

ارجنٹائن (کشمیر ڈیجیٹل) فٹبال میچ کے دوران حریف ٹیم کے کھلاڑی کی جانب سے کلیئر کی گئی بال سر پر لگنے کے باعث 18 سالہ فٹبالر جان کی بازی ہار گیا۔

حالیہ ہفتوں میں فٹبال کے میدان میں پیش آنے والا یہ دوسرا المناک واقعہ ہے، اس سے قبل اسپین کے فٹبالر جیسس ڈی میگوئل بھی میدان میں حریف ٹیم کے کھلاڑی کی ٹکر کے بعد انتقال کر گئے تھے۔

یاہو اسپورٹس کے مطابق ابیل نونیز نامی نوجوان کھلاڑی ایف سی ایزائزا کی جانب سے حریف ٹیم ڈیپورٹیوو منیز کے خلاف میچ کھیل رہا تھا کہ اس دوران مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑی کی جانب سے زور سے کلیئر کی گئی بال اس کے سر پر جا لگی۔

واقعے کے بعد نوجوان فٹبالر ابیل نونیز گراؤنڈ میں ہی بے ہوش ہوکر گر پڑا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی جان بچانے کیلئے آپریشن بھی کیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔

واقعے کے مقامی صحافی کرسٹیان رومپانی نے بتایا کہ میچ کافی پر سکون تھا لیکن کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان بال چھیننے کیلئے سخت مقابلہ جاری تھا۔

 ڈیپورتیوو میونیز کے ایک دفاعی کھلاڑی پر دباؤ تھا جس کے باعث اس نے گیند کو زور سے دور پھینکا۔ صحافی کا کہنا تھا کہ تقریباً 30 سال سے یوتھ فٹبال کی کوریج کے دوران انہوں نے کبھی اتنی طاقت سے گیند کو کک ہوتے نہیں دیکھا۔

کرسٹیان رومپانی نے بتایا کہ گیند زیادہ بلندی پر نہیں گئی اور محض چار سے پانچ میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد ایبل کے سر سے ٹکرا گئی۔ گیند لگتے ہی نوجوان کھلاڑی ناک آؤٹ ہونے کی طرح زمین پر گر پڑا۔