گھوٹکی(کشمیر ڈیجیٹل)باپ کی شہادت نےعزم مزید فولادی کردیا، وطن کے دفاع پر فخر ہے، شہید برکت علی مزاری کے بیٹے نے دشمن عناصر کو دوٹوک پیغام دیدیا۔
راولاکوٹ میں دورانِ ڈیوٹی مسلح حملے میں شہید ہونے والے رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت علی مزاری کے بیٹے نے اپنے والد کی شہادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والد کی شہادت سے حوصلے پست نہیں ہوئے۔
بیٹے کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے ملک کے دفاع اور امن و امان کے قیام کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، جس پر پورے خاندان کو فخر ہے۔
شہید برکت علی مزاری کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ان کے والد 17 نومبر 2026 کو راولاکوٹ کے علاقے متیالمیرا میں فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہوئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ریاست کے اندر ریاست ناقابل قبول، انتشاری جھتےکنٹرول کیا جائے:عوامی حلقے
وہ ہاسٹل سے باہر نکل رہے تھے کہ اس دوران مسلح شرپسندوں نے انہیں سر میں گولی مار دی، جس کے نتیجے میں وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔
بیٹے نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والد نے وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ ان کی یہ قربانی ہمارے لئے باعثِ فخر اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز برکت علی مزاری 17 نومبر کی صبح تقریباً 10 بج کر 30 منٹ پر راولاکوٹ کے علاقے متیالمیرا بس ٹرمینل کے قریب مسلح افراد کے حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے وہاں تعینات اہلکاروں پر اچانک فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک گولی برکت علی مزاری کے سر میں لگی۔




