ظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیراعظم قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے وفاقی اور ریاستی حکومت ایک صفحے پر ہیں ، مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے کے منصوبے کو ترجیح دی جائے ۔
اس موقع پر قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی و صوبائی قیادت کے بھرپور عزم کو دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران جب وہ مظفرآباد اور میرپور آئے تو ان کی خواہش تھی کہ مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو اور آزاد کشمیر میں ایسی حکومت قائم ہو جو ماضی کی تلخ یادوں کو پیچھے چھوڑ کر عوام کی حقیقی خدمت کرے اور ایک نیا ریکارڈ قائم کرے۔
انہوں نے انتخابات میں کامیابی کے لیے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ متعدد پارٹی رہنماؤں نے انتخابی مہم میں بے پناہ کام کیا، مظفرآباد اور میرپور میں عوام کا جوش و جذبہ قابل دید تھا
راستوں میں بھی لوگوں نے بھرپور محبت کا اظہار کیا جس سے انہیں اندازہ ہو گیا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی پوزیشن بہت اچھی ہے۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں ایک صاف ستھری حکومت قائم ہو جو ماضی کی ناقص کارکردگی اور عوام کے ساتھ بے حسی پر مبنی رویے کو ختم کر کے بہتر طرز حکمرانی کی مثال قائم کرے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ماضی کی بعض حکومتوں نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے اور اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل کو نظرانداز کیا ۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے مظفرآباد اور میرپور کے جلسوں میں ازراہ مذاق کہا تھا کہ ان کا دل چاہتا ہے کہ وہ کامیاب ہوں اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم بنیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کا ’فتح تھری‘ سپر سانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
آج افتخار علی گیلانی وزیراعظم ہیں تو وہ خود کو وزیراعظم سمجھتے ہیں کیونکہ ان کے دل میں آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جو جذبہ ہے، وہی جذبہ انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر میں بھی نظر آ رہا ہے۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً آزاد کشمیر آتے رہیں گے، ریاستی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں اور مشاورت کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان کی کوشش ہوگی کہ مختلف علاقوں کے دورے بھی کریں تاکہ عوامی ضروریات اور ترقیاتی امور کا براہ راست جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مظفرآباد اور میرپور کے لیے گرین بسیں اور لیپ ٹاپ فراہم کیے ہیں جو آزاد کشمیر کی ترقی میں ان کے عملی تعاون کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لیے 100 روزہ ترقیاتی پروگرام مرتب کرنا اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اس کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا وعدہ ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایک ہی جماعت کی ریاستی حکومت اور وفاقی قیادت آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے اس سنجیدگی اور یکسوئی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں وفاق اور آزاد کشمیر میں ایک ہی جماعت کی حکومت ہونے کے باوجود اس نوعیت کا جذبہ اور عملی تعاون دیکھنے میں نہیں آیاتاہم اب وعدوں پر عملدرآمد اور منصوبوں کی تکمیل کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے اپنے سابق دور حکومت اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی توجہ کا مرکز ترقیاتی منصوبے تھے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت آزاد کشمیر میں کئی منصوبے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
ان میں مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے کی تعمیر بھی شامل تھی، جس سے آزاد کشمیر کا اندرونی علاقہ ترقی اور سیاحت کے لیے کھل جاتا اور خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملتا۔
انہوں نے کہاکہ مظفرآباد سے میرپور موٹروے کے منصوبے کو اولین ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پشاور سے اسلام آباد، اسلام آباد سے لاہور، لاہور سے ملتان، ملتان سے رحیم یار خان اور رحیم یار خان سے سکھر تک موٹروے کے مختلف حصے تعمیر کیے گئے ہیں تاہم سکھر سے حیدرآباد تک کا حصہ ابھی مکمل نہیں ہو سکا۔
یہ منصوبہ ٹینڈرز کے عمل تک پہنچ چکا تھا مگر اس سے پہلے ان کی حکومت ختم کر دی گئی، اگر یہ مرحلہ مکمل ہو جاتا تو پشاور سے کراچی تک بہترین موٹروے دستیاب ہوتی۔
انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پر زور دیا کہ سکھر تا حیدرآباد موٹروے کے باقی ماندہ حصے کی تکمیل بھی جلد یقینی بنائی جائے۔
محمد نواز شریف نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں اپنے دور حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں گوادر سے کوئٹہ تک ہائی وے تعمیر کی گئی جس سے پہلے یہ سفر 48 گھنٹے میں طے ہوتا تھا تاہم شاہراہ کی تعمیر کے بعد سفر کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہو گیا۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں گلگت سے سکردو ہائی وے کی تعمیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس علاقے کا سالانہ بجٹ تقریباً پانچ سے چھ ارب روپے تھا، لیکن وہاں ایک شاہراہ کی تعمیر پر تقریباً 50 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
پہلے گلگت سے سکردو کا سفر تقریباً 12 گھنٹے میں طے ہوتا تھا، جو اب تین سے چار گھنٹے میں مکمل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی کسی دن اس شاہراہ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے لواری ٹنل منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیاد 1970ء کی دہائی میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں رکھی گئی تھی، لیکن یہ منصوبہ تقریباً پانچ دہائیوں تک التواء کا شکار رہا۔
ان کے دور حکومت میں اس منصوبے کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس وقت انہیں بتایا گیا کہ اس پر تقریباً 25 ارب روپے خرچ ہوں گے جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ چاہے 25 ارب روپے خرچ ہوں یا 50 ارب، منصوبہ فوری مکمل کیا جائے۔
اللہ کے فضل سے لواری ٹنل ان کے دور حکومت میں مکمل ہوئی تاہم اس کے بعد ان کی حکومت ختم کر دی گئی
۔سابق وزیراعظم نے اپنے دور حکومت کی معاشی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 7.5 فیصد تک پہنچ گئی تھی جبکہ مہنگائی کی شرح کم تھی۔
ان کے مطابق بجلی کے نرخ بھی نسبتاً کم تھے اور عام صارفین کے بجلی کے بل 200 سے 500 روپے تک آتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے تین سال کے اندر 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی۔
انہوں نے بجلی کے منصوبوں کی تکمیل پر وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہونے کے باوجود شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے تیزی سے بجلی گھر تعمیر کیے اور ریکارڈ مدت میں لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے اسحاق ڈار کی معاشی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2013ء سے 2017ء تک ان کے دور حکومت میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 104 روپے پر برقرار رہی اور زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں مہنگائی کی شرح 3.5 فیصد اور بینکوں کا شرح سود تقریباً 5.25 فیصد تھا جبکہ بعد کے دور میں شرح سود 22 سے 23 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن گیا تھا اور اس وقت توقع تھی کہ ملک چند سال میں جی 20 ممالک میں شامل ہو سکتا ہے۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام سے نکلنے کی راہ اختیار کی تھی، تاہم بعد کی حکومت دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس چلی گئی۔
انہوں نے روپے کی قدر میں کمی اور معاشی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کو دوبارہ درست سمت میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کا جائزہ حقائق اور تقابلی موازنے کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے اور میڈیا پر بھی مختلف جماعتوں کی کارکردگی کا غیرجانبدارانہ تقابل ہونا چاہیے۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ بلاخوف تردید وہ یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی ملک کی دیگر جماعتوں کے مقابلے میں بہتر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں اپنے سابق دور میں نمایاں ترقیاتی کام کیے اور وفاق میں بھی بجلی کے منصوبوں سمیت اہم اقدامات کیے۔
انہی بنیادوں پر مریم نواز شریف پنجاب میں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھا رہی ہیں جس پر وہ دونوں کو مبارکباد اور شاباش دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شروع کیے گئے کامیاب منصوبوں اور اقدامات کو آزاد کشمیر میں بھی متعارف کرایا جانا چاہیے،
وہ مریم نواز شریف اور صدر آزاد کشمیر کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں گے تاکہ ریاست میں ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا سکے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے پاکستان کی سیاسی قیادت کو مظفرآباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں، ان کے لیے ایک مضبوط پاکستان ہی آزادی کی جدوجہد کا ضامن ہے اور انہیں خوشی ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر مضبوط ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران آزاد کشمیر میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں، جس کے باعث عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد متاثر ہوا۔ اسی پس منظر میں پہلے 100 دن کے لیے 14 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے محض اعلانات تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان پر عملی کام شروع ہو اور عوام کو ان کی تکمیل نظر آئے تاکہ انہیں احساس ہو کہ حکومت عام آدمی کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے صحت کے شعبے میں تین کیتھ لیبز، دو سٹروک سینٹرز، بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کی اپ گریڈیشن اور پنجاب کے ماڈل کے مطابق کلینک آن ویلز سروس کو پہلے 100 دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ’’ستھرا کشمیر‘‘ منصوبے پر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ سکیم پر بھی پہلے 100 دن کے دوران عملی کام کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے سیاحت کے فروغ کے لیے محکمہ سیاحت کے زیرانتظام سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو آئندہ چھ ماہ میں جدید خطوط پر استوار کرنے اور مظفرآباد سمیت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی تین ماہ کے اندر خوبصورتی کے منصوبے مکمل کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ میرپور اور مظفرآباد میں گرین بس سروس شروع کی جا چکی ہے جبکہ آئندہ 100 دن میں مزید چھ شہروں تک اس سروس کو وسعت دی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سرکاری جامعات کے طلبہ اور ملک کی ممتاز نجی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند مستحق طلبہ کے لیے دو الگ الگ وظائف کی سکیمیں پہلے 100 دن میں شروع کی جائیں گی۔
ان سکیموں کا مقصد ایسے باصلاحیت طلبہ کی معاونت کرنا ہے جو مالی وسائل کی کمی کے باعث معیاری اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کیلئے ہنرمندی کے فروغ کا پروگرام شروع کرنے اور انہیں روزگار کے قابل بنانے کے ساتھ کاروبار کے آغاز کے لیے قرضوں کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جن تین شہروں میں گرین بسیں چلائی جائیں گی، ان کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بھی پہلے 100 دن میں مکمل کیا جائے گا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے اہم سیاحتی مقامات تک سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔




