سپریم کورٹ کا کوٹہ سسٹم پر فیصلہ اہمیت کا حامل ہے،محمود اخترقریشی ایڈووکیٹ

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) سینئر قانون دان محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا یہ فیصلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جس میں ریاستی باشندوں کے حقوق، سرکاری ملازمتوں میں نمائندگی اور کوٹہ سسٹم کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ عدالت عظمیٰ نے محض عمومی ہدایات جاری کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ حکومت اور متعلقہ حکام کو فیصلے پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی واضح ہدایت دی ہے۔

ان کے مطابق عدالت نے اس معاملے میں قانونی ابہام دور کرتے ہوئے مستقبل کے لیے ایک واضح سمت متعین کر دی ہے، جس سے محروم اور غیر نمائندہ طبقات کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے کے قانونی اثرات انتہائی دور رس ہوں گے اور اب حکومت و متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے قاضی عمران مقصود احمد بٹ سمیت دیگر اپیل کنندگان اور قانونی جدوجہد میں شریک افراد کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاجرین جموں و کشمیر کے نمائندے غلام حسن بٹ نے کہا کہ وہ اس تاریخی فیصلے پر مہاجرین جموں و کشمیر کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے مسلسل اور پرامن جدوجہد کے ذریعے اپنے حقوق کے حصول کیلئے آواز بلند کی۔

انہوں نے کہا کہ اب حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کی روشنی میں فوری قانون سازی کرے اور مہاجرین جموں و کشمیر 1989ء کے دیرینہ مطالبے کو عملی جامہ پہنائے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین جموں و کشمیر ایک طویل عرصے سے نمائندگی اور بنیادی حقوق کے حوالے سے مشکلات کا شکار ہیں۔

آئین اور قانون کا تقاضا ہے کہ معاشرے کے ایسے طبقات جو غربت، پسماندگی، ہجرت یا عدم نمائندگی کی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہوں انہیں دیگر شہریوں کے برابر مواقع فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئےجائیں۔

دنیا بھر میں بھی محروم طبقات کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے کوٹہ سسٹم اور خصوصی اقدامات اختیار کئے جاتے ہیں۔

سربراہ مہاجرین نمائندہ فورم غلام حسن بٹ نے کہا کہ مہاجرین جموں و کشمیر نے بھارتی مظالم اور جبر کے باعث اپنے آبائی علاقوں، زمینوں اور جائیدادوں کو چھوڑ کر آزاد کشمیر میں ہجرت کی۔

آج بھی ان کے بہت سے خاندان عارضی رہائش اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق مہاجرین کی مستقل آبادکاری، روزگار اور نوجوان نسل کے مستقبل کے حوالے سے کئی مسائل تاحال حل طلب ہیں۔

جبکہ انہیں قانون ساز اسمبلی میں بھی وہ نمائندگی حاصل نہیں جس کے وہ خواہاں ہیں۔انہوں نے عدالت عظمیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے مہاجرین کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مطالبات کی تکمیل کے لیے ایک قانونی راستہ واضح ہوا ہے۔

انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے متاثرین اور مہاجرین کے بچوں کے لیے مؤثر اور منصفانہ کوٹہ پالیسی مرتب کرے تاکہ نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔

اس موقع پر قاضی عمران مقصود احمد بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے ایک ایسے وقت میں انتہائی اہم فیصلہ دیا ہے جب ریاست کے کئی طبقات طویل عرصے سے عدم نمائندگی اور محرومی کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے فیصلے کے پیراگراف 47 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے واضح کیا ہے کہ جن طبقات کی کسی فورم یا مقام پر مناسب نمائندگی موجود نہیں، انہیں کوٹہ اور خصوصی سہولتوں سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ معاملہ حکومت آزاد کشمیر کے سامنے ہے اور حکومت کو چاہیے کہ وہ عدالتی ہدایات کی روشنی میں فوری قانون سازی کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مہاجرین جموں و کشمیر کے ہزاروں خاندان آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں عارضی طور پر رہائش پذیر ہیں مگر ان کی مستقل آبادکاری، روزگار اور دیگر بنیادی مسائل تاحال حل طلب ہیں۔

قاضی عمران مقصود احمد بٹ نے کہا کہ مہاجرین کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں میں بھارتی مظالم کے باعث ہجرت کرنے پر مجبور ہوئی۔ جبکہ ان کی زمینیں اور جائیدادیں آج بھی ان سے دور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پالیسیوں کے باعث مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں ایسے حالات میں مہاجرین کے حقوق کا تحفظ مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔

انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ مہاجرین کے لیے ایک جامع اور مؤثر قانون سازی کی جائے، جس میں ان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں، روزگار کے متلاشی افراد اور بالخصوص تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کے بچوں کیلئے مناسب مواقع اور خصوصی کوٹہ مختص کرنے پر غور کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن خاندانوں نے تحریک آزادی کشمیر اور دفاع پاکستان کے لیے قربانیاں دی ہیں، ان کی نئی نسل کو تعلیم اور روزگار کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔

مقررین نے مشترکہ طور پر کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ صرف ایک عدالتی کارروائی کا نتیجہ نہیں بلکہ ریاست میں قانونی مساوات، منصفانہ نمائندگی اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔

اب تمام نظریں حکومت آزاد کشمیر پر مرکوز ہیں کہ وہ عدالتی فیصلے کی روح کے مطابق قانون سازی اور عملی اقدامات کے ذریعے مہاجرین جموں و کشمیر سمیت دیگر غیر نمائندہ طبقات کو ان کے جائز حقوق فراہم کرتی ہے یا نہیں۔

پریس کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے آئینی، قانونی اور پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر بلا تاخیر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ریاست کے تمام شہریوں کو تعلیم، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔