سرکاری ملازمتوں،تعلیمی اداروں میں داخلوں کا کوٹہ،سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ

 مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں داخلوں کے کوٹہ سے متعلق متعدد اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اہم قانونی اصول وضع کر دیئے۔

 چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں سرکاری ملازمتوں کے مختلف گریڈز میں بھرتیوں کے طریقہ کار، اوپن میرٹ، علاقائی نمائندگی اور تعلیمی اداروں میں داخلوں سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کو آزاد کشمیر میں سرکاری بھرتیوں اور تعلیمی داخلوں کے نظام کے حوالے سے ایک اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں اوپن میرٹ سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ ضروری ترامیم کے ساتھ برقرار رکھا۔

 فیصلے کے مطابق گریڈ 16 اور اس سے اوپر کی تمام سرکاری آسامیوں پر باشندگانِ ریاست کو اوپن میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا۔

 جبکہ گریڈ 1 سے 7 تک کی آسامیوں پر متعلقہ حلقے کی بنیاد پر بھرتیاں ہوں گی۔ اسی طرح گریڈ 8 سے 15 تک کی آسامیوں پر ضلعی سطح پر اوپن میرٹ کے تحت تقرریاں کی جائیں گی۔

 ڈویژنل سطح کے اداروں میں گریڈ 1 سے 15 تک کی آسامیوں پر متعلقہ ڈویژن کے امیدواروں کو اوپن میرٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔

 جبکہ دارالحکومت میں قائم ریاستی سطح کے اداروں کی گریڈ 1 اور اس سے اوپر کی تمام آسامیوں پر باشندگانِ ریاست کو اوپن میرٹ کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

عدالت عظمیٰ نے پاکستان کے وفاقی اور صوبائی تعلیمی اداروں میں داخلوں سے متعلق ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں میں داخلوں کیلئے نامزدگیوں کا معاملہ متعلقہ قوانین کے مطابق طے کیا جائے گا۔ 

فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس فیصلے سے قبل قانون کے تحت مکمل ہونے والی بھرتیوں اور تعلیمی اداروں میں ہونے والے داخلوں پر اثر نہیں پڑے گا

 جبکہ پہلے سے شروع ہونے والے بھرتیوں اور داخلوں کے عمل کو اشتہار کے وقت نافذ العمل قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

 تاہم دھوکہ دہی، فراڈ، نااہلی یا دیگر قانونی خلاف ورزیوں کے ذریعے ہونے والی تقرریوں اور داخلوں کو متعلقہ فورم پر چیلنج کیا جا سکے گا۔

سپریم کورٹ نے پبلک سروس کمیشن کی 18 اگست 2025ء کی پریس ریلیز بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے کمیشن کو زیرِ التوا انتخابی عمل قانون کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

 عدالت نے اپنے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 4 کے تحت ریاستی باشندوں کے حقوق اور سول سرونٹس ایکٹ و متعلقہ رولز کی تفصیلی تشریح کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری ملازمتوں کے کوٹہ اور تعلیمی اداروں میں داخلوں سے متعلق قانون سازی مقننہ کا اختیار ہے۔

 تمام متعلقہ محکموں کو فیصلے کی روشنی میں بھرتیوں اور تعلیمی اداروں میں نامزدگیوں کے حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

 سینئر قانون دان محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ، غلام حسن بٹ، قاضی عمران مقصود احمد بٹ، امتیاز بٹ، صادق نقوی، حمزہ شاہین اور دیگر رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔

 اسے ریاستی باشندوں کے حقوق کے تحفظ اور محروم طبقات کو جائز نمائندگی فراہم کرنے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا۔