عباس عراقچی کی ملاقات،پاکستان اور ایران کا قریبی تعاون علاقائی امن کیلئے ضروری ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر

آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے راولپنڈی میں ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس ملاقات کے دوران دونوں برادر ملکوں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی کی صورتحال اور بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں فریقین نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی غور کیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل، وزیراعظم کا مسلم دنیا کی بااثر شخصیات میں سرفہرست آنا باعث فخر ہے، کشمیری عوام کا شاندار خراج تحسین

ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی اعتماد اور قریبی آہنگ کو انتہائی اہم قرار دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی بھرپور تحسین کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے ملک کی شدید خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے کے امن اور باہمی تعلقات کی بہتری کے لیے ایسے اعلیٰ سطح کے رابطے مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل