وزیر جنگلات وقار احمد نور کا دورہ چکار،عوامی مسائل نظرانداز، کئی سوالات اُٹھ گئے

چکار (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت)وزیر جنگلات آزاد کشمیر  ، وائلڈ لائف و فشریز وقار احمد نور کا دورہ چکار ،عوامی اور سیاسی حلقوں میں کئی سوالات چھوڑ گیا۔

وزیر جنگلات وقار احمد نور نے دورہ چکار کے دوران رینج آفس میں محکمہ جنگلات کی جانب سے ضبط کی گئی لکڑی کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری جنگلات وائلڈ لائف و فشریز انصر یعقوب، ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، ناظم جنگلات میر نصیر، مہتمم جنگلات راجہ معراج سمیت محکمہ کے دیگر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیر جنگلات کے دورہ چکار کو اس قدر محدود اور خفیہ رکھا گیا کہ مقامی آبادی، عوامی نمائندوں، معززین علاقہ اور مسلم لیگ (ن) کے مقامی کارکنوں کو بھی ان سے ملاقات اور اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع نہ مل سکا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایڈہاک ایکٹ معطلی، ہائیکورٹ میں کیس 19نومبر کو سماعت کیلئے مقرر

وزیر موصوف محکمہ جنگلات کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ رینج آفس میں لکڑی کے معائنے اور رسمی فوٹو سیشن کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیر جنگلات کو اپنے دورہ چکار کے دوران محض ضبط شدہ لکڑی کا معائنہ ہی نہیں بلکہ علاقے کے جنگلات کو درپیش سنگین مسائل، غیر قانونی کٹائی، لکڑ اسمگلنگ جیسے مسائل کے تدارک کیلئے موثراقدامات کرناچاہیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرجنگلات کو کمپارٹمنٹس میں مؤثر نگرانی کے فقدان اور محکمہ کی انتظامی کارکردگی ، بالخصوص مقامی لوگوں سے ملاقات کرکے زمینی حقائق معلوم کرنا وقت کی اہم ضرورت تھی۔

سیاسی و عوامی حلقوں کے مطابق یہ امر بھی قابل توجہ ہے کہ چکار سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا آبائی سب ڈویژن اور مسلم لیگ (ن) کا ایک اہم سیاسی مرکز ہے۔

ایسے علاقے میں حکومت کے ایک اہم وزیر کی آمد پر مقامی قیادت، پارٹی کارکنوں اور عوام کو اعتماد میں نہ لینا حکومتی طرزِ عمل پر سوالیہ نشان ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نوازشریف  کو نجی دورہ نیلم پر خوش آمدید کہتے ہیں، شاہ غلام قادر

عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر  وزراء بھی عوام کے درمیان بیٹھ کر ان کے مسائل سننے کے بجائے صرف سرکاری افسران کی بریفنگ تک محدود رہیں گے توریاست ترقی کیسے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزراء رسمی دوروں تک محدود رہے تو پھر عوام اپنے مسائل کس فورم پر پیش کریں گے؟

عوامی عہدے منصب اور پروٹوکول کے لیے نہیں بلکہ عوام کو جوابدہ ہونے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔

عوامی و لیگی حلقوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت اور وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر جنگلات کے دورہ چکار کا نوٹس لیا جائے۔

وزراء کو پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے سرکاری دوروں کے دوران مقامی آبادی، پارٹی کارکنوں اور منتخب و سماجی نمائندوں سے ملاقات کرکےعوامی مسائل سنیں اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ عوامی حکومت ہے، جہاں وزراء کو عوام کے درمیان ہونا چاہیے، نہ کہ عوام سے دوربیوروکریسی کے حصار میں۔