آزادکشمیرمیں زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ نہ ہو سکا ،عوام پٹوارخانوں کے چکر لگانے پر مجبور،رکاوٹ کون؟ اہم انکشافات سامنے آگئے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجٹیل) آزادکشمیر میں محکمہ ریکارڈ مال کے کمپیوٹرائزڈ نظام کے قیام کو تقریباً 13 سال گزرنے کے باوجود نظام کو مکمل طور پر فعال، بااختیار اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہ کیا جا سکا، جبکہ فیز ون اور فیز ٹو میں خدمات انجام دینے والے تقریباً 93 ملازمین تاحال مستقل نہ ہو سکے۔
ملازمین کی مستقلی میں فرسودہ پٹوار نظام اور اس سے وابستہ بااثر عناصر کی مزاحمت بھی ایک بڑی رکاوٹ سمجھی جاتی ہے، عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب کے کامیاب ماڈل کی طرز پر آزادکشمیر میں ایک بااختیار کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ اتھارٹی قائم کی جائے، جس کی نگرانی بورڈ آف ریونیو کے تحت ہو اور اسے انتظامی و مالی خودمختاری کے ساتھ کام کرنے کا اختیار دیا جائے۔

:یہ بھی پڑھیں :ڈپٹی کمشنر بھمبر فیصل مغل محکمہ مال آفس پہنچ گئے، ریکارڈ کی پڑتال، اہم ہدایات جاری
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) کے قیام کے ذریعے زمینوں کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن، اراضی کی تفصیلات تک آسان رسائی، فردِ ملکیت کے حصول اور انتقالات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، اراضی ریکارڈ مراکز اور ڈیجیٹل سہولیات کے ذریعے شہریوں کو روایتی پٹوارخانوں کے غیر ضروری چکروں سے بڑی حد تک نجات ملی ہے۔ اسی طرز کا شفاف نظام آزادکشمیر میں بھی متعارف کروانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو جدید دور کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔
وزیراعظم بیرسٹر افتخار علی گیلانی ایک نوجوان وزیراعظم ہیں اور حکومتی نظام میں اصلاحات اور فرسودہ طریقہ کار کی تبدیلی کے لیے متحرک دکھائی دیتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پنجاب کے جدید لینڈ ریکارڈ ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے اس منصوبے کو اپنے 100 روزہ اصلاحاتی پلان کا حصہ بنائیں گے

مزید پڑھیں :کمشنر پونچھ کا بڑا ایکشن ،2 گرداور، 1 پٹواری سمیت محکمہ مال کے 4 اہلکار معطل
۔ آزادکشمیر کے شہریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ انہیں دہائیوں پرانے، پیچیدہ اور روایتی پٹوار نظام سے نجات دلا کر ایسا جدید نظام فراہم کیا جائے جس میں زمینوں کے ریکارڈ تک رسائی آسان، شفاف اور قابلِ اعتماد ہو۔مطالبے میں کہا گیا ہے کہ نئی اتھارٹی کے تحت زمینوں کا تمام ریکارڈ مرکزی ڈیجیٹل نظام (سنٹرلائزڈ ڈیٹا بیس) میں محفوظ کیا جائے، جدید موبائل ایپ متعارف کروائی جائے اور آن لائن پورٹل کے ذریعے آزادکشمیر کے شہریوں سمیت بیرونِ ملک مقیم کشمیری بھی اپنے زمینی ریکارڈ کی تفصیلات باآسانی دیکھ سکیں۔

اقدام سے نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ ریکارڈ میں شفافیت، تحفظ اور جواب دہی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گامعوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ کے فیز ون اور فیز ٹو میں کام کرنے والے تقریباً 93 ملازمین کو مستقل کیا جائے، انہیں ملازمت کا تحفظ فراہم کیا جائے اور جدید تربیت و سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ یکسوئی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صرف کمپیوٹرائزیشن کافی نہیں، بلکہ ایک بااختیار ادارہ، مستقل عملہ، جدید ٹیکنالوجی اور شفاف نگرانی ہی حقیقی اصلاحات کی ضمانت بن سکتے ہیں۔