وزیر ہو یا کوئی اور، کرپشن کی شکایت آئی توقسم کھاتی ہوں نہیں چھوڑوں گی، مریم نواز

لاہور ( کشمیر ڈیجٹیل )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے معاملے پر اپنی ہی کابینہ کے ارکان کو دوٹوک وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی وزیر کے خلاف کرپشن کی شکایت سامنے آئی تو قسم کھاتی ہوں، اسے ہرگز نہیں بخشوں گی۔جہلم میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں لیپ ٹاپ اور وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ صوبے بھر میں بھرتیوں کا عمل مکمل میرٹ پر یقینی بنایا جائے گا، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کرپشن کے خلاف بیانیہ بنانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو اچھی طرح جانتی ہوں، یہ دراصل اپنی اگلی سیاسی ارینجمنٹ کر رہے ہیں۔ اگر انہیں اعتراض ہے تو استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کی تربیت ہی ایسے ماحول میں ہوئی جہاں یہ پوچھتے تھے کہ کتنی رشوت لینی ہے، آج وہ بھاگ کر بیرون ملک بیٹھے ہیں۔مریم نواز نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی سیاست میں بھرپور کردار ادا کریں اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ چھوٹے شہروں میں بھی نمایاں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کی سطح پر کینسر ہسپتال قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبے بھر میں 300 نواز شریف اسکولز آف ایمننس بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔