مظفرآباد:آزادکشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے دی گئی احتجاج کی کال عوام نے مسترد کردی ، آزادکشمیر بھر میں کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے کھل گئے، معمولات زندگی رواں دواں ، پہیہ چل پڑا ،شرپسندوں کی سازش عوام نے ایک بار پھر ناکام بنادی۔
تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے مختلف اضلاع اور شہروں میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔ صبح کے اوقات سے ہی بازاروں اور تجارتی مراکز میں دکانیں کھل گئیں، خریداروں کی آمدورفت جاری ہے، ٹرانسپورٹ بھی چل رہی ہے جبکہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں بھی تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کالعدم ایکشن کمیٹی کی منفی سرگرمیوں سے تنگ آچکے،محمد علی راٹھور ایڈووکیٹ
ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں شہری اپنے روزمرہ امور انجام دے رہے ہیں اور کاروباری طبقے نے احتجاج کی کال مسترد کرتے ہوئے کاروبار اوپن کر لیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں طلباءو طالبات کی حاضری اور تدریسی سرگرمیوں کا سلسلہ برقرارہے ۔
عوامی حلقوں کی جانب سےکالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی کال پر ردعمل میں کہا گیا ہے کہ عوام اب خطے میں امن، استحکام اور ترقی چاہتے ہیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہیں بننا چاہتے جس سے ان کے روزگار، کاروبار اور بچوں کی تعلیم متاثر ہو۔
کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے راولاکوٹ میں خود ہی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرکے اورایک بار پھر لاشیں لے کر آج 9 ستمبر کو ریاست بھر میں احتجاج کی کال دی گئی تھی لیکن عوام اب ان انتشاریوں کا چہرہ اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔
کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کی جانب سے گزشتہ 4ماہ سے راولاکوٹ میں دھرنا دیا گیا ہے ،اس دوران یہ عوام میں ایکسپوز ہو گئےہیں اور گنے چنے کچھ لوگوں کو لے کر راولاکوٹ میں ڈرامایا رچایا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ ،سائیں باغ بازار میں کالعدم ایکشن کمیٹی کا احتجاج ناکام، 6 کارکنان گرفتار
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم ایکشن کمیٹی کے دھرنے میں مسلح افراد موجود ہیں جو فائرنگ کرتےہیں جبکہ الزام سکیورٹی فورسز پر لگایا جاتا ہے، سکیورٹی فورسز اور ادارے انتشاریوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں
واضح رہے کہ آزادکشمیر میں کاروباری و تعلیمی سرگرمیوں کا معمول کے مطابق جاری رہنا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ احتجاجی کال کے اثرات محدود رہے اور عوام کی بڑی تعداد نے اپنے معمولات زندگی جاری رکھنے کو ترجیح دی۔




