مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)نکیال کی سیاسی فضا میں اہم تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے جہاں مسلم لیگ (ن) کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔
موہڑہ گھمب سے تعلق رکھنے والی بااثر سیاسی شخصیات نے کریلوی خاندان کیساتھ اپنی دیرینہ خاندانی اور سیاسی وابستگیاں ختم کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ یہ شخصیات جاوید اقبال بڈھانوی کے قافلے میں شامل ہو گئی ہیں ۔
یونین کونسل ڈبسی کے گاؤں چکڑالی، محلہ ناڑ سے تعلق رکھنے والی نمایاں سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ایک تقریب کے دوران مسلم لیگ (ن) کو خیرباد کہہ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
نئے شامل ہونے والوں میں محمد سلیم، محمد فضل، محمد طارق، محمد اقبال سمیت دیگر بااثر اور متحرک افراد شامل ہیں ، جنہوں نے اپنے ساتھیوں اور حامیوں سمیت پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔
شمولیتی تقریب میں مقامی عمائدین، کارکنان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
اس موقع پر وزیر خوراک، ٹیکنیکل ایجوکیشن و کے ڈی اے جاوید اقبال بڈھانوی نے نئے شامل ہونے والوں کا پرتپاک استقبال کیا، انہیں ہار پہنائے اور پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈبسی ناڑ سے متعدد افراد پیپلزپارٹی میں شامل، جاوید بڈھانوی پر اعتماد کااظہار
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک عوامی، جمہوری اور نظریاتی جماعت ہے جو ہر برادری ، ہر طبقے اور ہر فرد کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست کا محور صرف عوام کی خدمت ہے اور وہ اسی مقصد کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نکیال کو ایک ماڈل علاقہ بنانا ان کا خواب ہے ، جس کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔
سڑکوں کی تعمیر و بحالی، تعلیمی اداروں کی بہتری، صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ ان منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے اور علاقے میں واضح تبدیلی نظر آئے گی ۔
آخر میں جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد ان کے دست و بازو ہیں، انہیں پارٹی میں مکمل عزت، مقام اور نمائندگی دی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نوجوان ریاست کاسب سے قیمتی اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے:جاوید اقبال بڈھانوی
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی تمام برادریوں کا گلدستہ ہے اور نکیال ہم سب کا گھر ہے، جسے مل کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا ۔




