جنت نظیر وادی نیلم میں موسم خزاں نے قدرتی حسن کے نئے رنگ بکھیر دئیے

نیلم (کشمیر ڈ یجیٹل /سردار اورنگزیب سے) آزاد کشمیر کی جنت نظیر وادی نیلم میں موسم خزاں نے قدرتی حسن کے نئے رنگ بکھیر دئیے۔ 

پت جھڑ کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی وادی کے پہاڑ، جنگلات اور درخت سنہری رنگوں میں ڈھلنے لگے ہیں، زرد پتوں سے سجی وادیاں اور دلفریب قدرتی مناظر سیاحوں  کیلئے خصوصی کشش کا مرکز بن گئے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:طویل لاک ڈاؤن کے بعد وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں سیاحوں کی واپسی،شاہراہِ نیلم کی تعمیر کا مطالبہ

 موسم خزاں کی رعنائیوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے ملک کے مختلف علاقوں سے سیاح وادی نیلم کا رخ کر رہے ہیں، جس سے سیاحتی مقامات پر رونقیں بحال ہو گئی ہیں۔

موسم خزاں نے وادی نیلم کو ایسا دلکش روپ دے دیا ہے کہ ہر منظر قدرتی مصوری کا شاہکار دکھائی دیتا ہے۔ کہیں درختوں پر سنہری اور زرد رنگوں کی بہار ہے تو کہیں زمین پر بکھرے پتوں نے قدرتی قالین کا منظر پیش کر رکھا ہے۔

پہاڑوں کے دامن میں پھیلے جنگلات، دریائے نیلم کی روانی اور بدلتے موسم کے حسین رنگ سیاحوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر رہے ہیں۔ سیاح ان مناظر سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ یادگار لمحات کو اپنے کیمروں میں محفوظ کر رہے ہیں۔

وادی نیلم کی سیر کیلئے آنے والے سیاحوں نے یہاں کے قدرتی حسن کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیلم ویلی پاکستان کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے ۔

 تاہم اس وادی کی پہچان صرف اس کے حسین پہاڑ، گھنے جنگلات اور دلکش مناظر ہی نہیں بلکہ یہاں کے لوگوں کی خوش اخلاقی، خلوص اور مہمان نوازی بھی ہے۔

سیاحوں کے مطابق اہل نیلم انتہائی محبت کرنے والے، ملنسار اور مہمان نواز ہیں، جو آنے والے مہمانوں کو عزت، اپنائیت اور محبت سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہی رویہ سیاحوں کے سفر کو مزید خوشگوار اور یادگار بنا دیتا ہے۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ موسم خزاں میں وادی نیلم کا حسن دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے، یہاں کے سنہری جنگلات، پُرسکون ماحول اور مقامی لوگوں کی بے مثال مہمان نوازی انسان کو بار بار اس جنت نظیر وادی کا رخ کرنے پر مجبور کرتی ہے۔

دوسری جانب سیاحوں اور مقامی حلقوں نے حکومت آزاد کشمیر، محکمہ سیاحت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ موسم خزاں کی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے خصوصی تشہیری مہم شروع کی جائے ۔

سیاحتی مقامات پر بنیادی سہولیات، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ اور سیاحوں کی رہنمائی کے مؤثر انتظامات کئے جائیں، جبکہ وادی کے قدرتی ماحول اور جنگلات کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ نیلم ویلی کی خوبصورتی آئندہ نسلوں کیلئے برقرار رہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت وادی نیلم کے مسائل ایک ماہ کے اندر حل کرے : علی افسر بٹ

وادی نیلم کا موسم خزاں محض پت جھڑ کا موسم نہیں بلکہ قدرت کے سنہری رنگوں، اہل نیلم کے خلوص اور مہمان نوازی کا ایسا حسین امتزاج ہے جو ہر آنے والے سیاح کے دل پر انمٹ نقوش چھوڑ جاتا ہے۔