شاہین آفریدی

ایک دو سیریز میں ناکامی پر کھلاڑیوں کو باہر نہ کریں، شاہین آفریدی

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو صلاحیتیں دکھانے کیلئے مناسب مواقع ملنے چاہئیں، ایک یا دو سیریز میں ناکامی پر انہیں ٹیم سے باہر کرنا درست نہیں۔

سری لنکا کے خلاف ٹرائی سیریز کا فائنل جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں پر اعتماد برقرار رکھنا ضروری ہے اور انہیں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مسلسل مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فخر زمان کی شاندار سنچری،سابق اوپنر سعید انور کا ریکارڈ برابر کردیا

انہوں نے فخر زمان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور آج انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کھلاڑیوں کو بیک کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوسکتا ہے۔

ورلڈ کپ کی تیاریوں سے متعلق سوال پر قومی کپتان نے کہا کہ صرف ایک سیریز میں کامیابی کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کا معیار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ٹیم کو ابھی مزید کرکٹ کھیلنی ہے، جس میں آنے والی سیریز اور ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔

شاہین آفریدی نے کہاکہ آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں مزید نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا ارادہ ہے تاکہ نئے ٹیلنٹ کو بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکے۔

بابر اعظم کی فارم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بابر اپنی فارم کی بحالی کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ بھی کھیلتے رہے ہیں اور اب انہیں ہماری ٹیم کے خلاف بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنا ہے۔

قومی کپتان نے مزید کہا کہ پاکستان میں کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سامنے آئے ہیں، جو ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کھیل پیش کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، پاکستان گولڈ نے نیشنل چیمپئنز کپ جیت لیا

واضح رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر ٹرائی سیریز کا فائنل اپنے نام کیا۔