اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)مرکزی سیکرٹریٹ ایف ایٹ میں حلقہ ایل اے 23 پلندری سے استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے نامزد ٹکٹ ہولڈر سردار رئیس انقلابی کی زیرِ صدارت منعقدہ گرینڈ شمولیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست عزت اور غیرت کیلئے کی جاتی ہے۔ سیاسی کارکن معاشرے کا حقیقی چہرہ ہوتا ہے۔
سردار رئیس انقلابی کی پاکستان پیپلز پارٹی سے چار دہائیوں کی سیاسی ریاضت رہی ہے، انہوں نے ضیا الحق کے مارشل لاء میں پیپلز پارٹی نہیں چھوڑی بلکہ پارٹی کے ساتھ چٹان کی مانند کھڑے رہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ واقعہ پرکالعدم ایکشن کمیٹی کا پروپیگنڈہ افسوسناک، فوری کارروائی کی جائے، عوامی حلقے
انہوں نے کہا کہ پارٹی کا جھنڈا تھامے رکھنا آسان نہیں ہوتا مگر پیپلز پارٹی نے ان کے ساتھ بدلے میں کیا سلوک کیا سب جانتے ہیں۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ اہلیان سدھنوتی نے اپنے اسلاف کا شملہ ہمیشہ بلند رکھا ہے۔ سدھنوتی میں نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے ایم ٹی بی سی کی برانچ قائم کرنے کے حوالے سے چیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق سےبات کریں گے۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ سدھنوتی سمیت آزاد کشمیر کے دیگر شہروں کی سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے پارٹی صدر عبدالعلیم خان سے بات کروں گا۔ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ ایل اے 23 کے باغیور عوام سردار رئیس انقلابی کا بھرپور ساتھ دیں۔ انشاءاللہ ہم سردار رئیس انقلابی اور عنایت اللہ عارف کو اسمبلی میں پہنچائیں گے۔
سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی تقریب آمد پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے پھولوں کی مالائیں پہناتے ہوئے فلک بوس نعروں کی گونج میں پُرتپاک اور شایانِ شان استقبال کیا۔
تقریب میں ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد، سابق معاونِ خصوصی سردار امتیاز شاہین، نامزد امیدوارحلقہ ایل اے 24 بلوچ سدھنوتی و سابق صدارتی مشیر سردار عنایت اللہ عارف، نے خصوصی شرکت کی
سابق امیدوار اسمبلی چوہدری اعجاز کھٹانہ، سابق امیدوار اسمبلی قدیر گجر، رائے سعید، سردار سلیم محمود سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی شریک تھے۔
تقریب میں سابق معاونِ خصوصی سردار امتیاز شاہین، نامزد امیدوار اسمبلی آئی پی پی آزاد کشمیر حلقہ ایل اے 24 بلوچ سدھنوتی و سابق صدارتی مشیر سردار عنایت اللہ عارف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ واقعہ پرکالعدم ایکشن کمیٹی کا پروپیگنڈہ افسوسناک، فوری کارروائی کی جائے، عوامی حلقے
حلقہ ایل اے 23 پلندری سے استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے نامزد ٹکٹ ہولڈر سردار رئیس انقلابی نے گرینڈ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلیانِ پلندری کے حقوق کا تحفظ میری اولین ترجیح ہے۔
عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ کسی بھی سرکاری دفتر، تھانے یا کچہری میں کسی شہری کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی ہوئی تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں گا۔ آپ مجھے حکم کریں، میں آپ کے درمیان موجود ہوں گا۔
سردار رئیس انقلابی نے کہا کہ میرے کارکن میرے دست و بازو ہیں، ان کی عزت، وقار اور عزتِ نفس پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میرے لئے اقتدار کا نہیں بلکہ عوامی خدمت، لوگوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کی پاسداری کا ذریعہ ہے۔
انہوں نے گرینڈ شمولیتی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی زعماء، عمائدین اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی شمولیت ہمارے لیے ایک نئی ذمہ داری ہے اور ہم سب مل کر پلندری کے عوامی مسائل کے حل، علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر حلقہ ایل اے 23 پلندری سے تعلق رکھنے والے سیاسی زعماء اور کارکنان کی ایک بہت بڑی تعداد نے اپنی سابقہ جماعتوں سے مستعفی ہو کر سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی، جنہیں صدر آئی پی پی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم نے پارٹی مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔




