کراچی (کشمیر ڈیجیٹل) سلطنتِ عمان سے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کا بڑا ذخیرہ لے کر انے والے دو بحری جہاز پاکستان کی بندرگاہ پر پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے امکانات کافی روشن ہو گئے ہیں۔
ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق پاکستان پہنچنے والے ان دونوں بحری جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 7 ہزار 603 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پر پہنچائی گئی ہے۔
پورٹ قاسم پر ایل پی جی کی آف لوڈنگ کی تفصیلات:
ذرائع کا بتانا ہے کہ پورٹ قاسم کے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے ٹرمینل پر ‘پریانیس’ نامی بحری جہاز نے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن ایل پی جی کی آف لوڈنگ مکمل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی طرح ایل پی جی کی قیمت میں بھی شفافیت لائیں گے، وزیر پیٹرولیم
اس کے ساتھ ساتھ اینگرو ٹرمینل پر ‘الیسا ون’ نامی دوسرے بحری جہاز کے ذریعے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی آف لوڈ کر دی گئی ہے۔ ان دو جہازوں کی آمد سے ملک میں گیس کے ذخائر کو اہم سہارا ملا ہے۔
ایرانی سرحد سے ترسیل اور مارکیٹ کی صورتحال:
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کل سے ایران کے سرحدی راستے سے بھی ایل پی جی کی تعطل کا شکار اور رکی ہوئی ترسیل باقاعدہ طور پر دوبارہ شروع ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی ملکی سپلائی اور دستیابی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آنے کی وجہ سے کل سے ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔




